گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی کارروائی ، پانی چوروں کے کنکشنز منقطع

گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے پانی چوروں کے کنکشنز منقطع کر دئیے ہیں۔ منگل کے روزایگزیکٹو انجینئر ڈسٹری بیوشن محمد اکبر بلوچ کی سربراہی میں واٹر سیکشن کی ٹیم نے نیا آباد

کوئٹہ۔ 14 جولائی (اے پی پی):گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے پانی چوروں کے کنکشنز منقطع کر دئیے ہیں۔ منگل کے روزایگزیکٹو انجینئر ڈسٹری بیوشن محمد اکبر بلوچ کی سربراہی میں واٹر سیکشن کی ٹیم نے نیا آباد، شمبے اسماعیل وارڈ کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے شہر کو پانی فراہم کرنے والی مین ٹرانسمیشن لائن پر لگائے گئے متعدد غیر قانونی کنکشنز منقطع کر دئیے۔کارروائی کے دوران شہریوں کو سختی سے تنبیہ کی گئی کہ وہ مین ٹرانسمیشن لائن پر غیر قانونی کنکشن لگانے سے گریز کریں، کیونکہ اس سے نہ صرف پائپ لائن کو نقصان پہنچتا ہے بلکہ پانی کے دبا میں کمی، پانی کے ضیاع اور شہر کے دیگر علاقوں میں فراہمی آب بھی متاثر ہوتی ہے۔

ایگزیکٹو انجینئر محمد اکبر بلوچ نے کہا کہ بعض گھروں میں ایک سے زائد غیر قانونی کنکشن بھی نصب کیے گئے تھے، جنہیں موقع پر ہی ختم کر دیا گیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ پانی چوری یا غیر قانونی کنکشن لگانے والے افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جس میں ایف آئی آر کا اندراج اور گرفتاری بھی شامل ہو سکتی ہے۔جی ڈی اے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ پانی جیسے قیمتی قومی وسائل کے تحفظ میں تعاون کریں، غیر قانونی کنکشنز سے اجتناب کریں۔