میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ کی کارروائی، لیاقت بازار، پرنس روڈ اور عبدالستار روڈ سے تجاوزات کا خاتمہ کردیاگیا

میٹروپولٹین کارپوریشن کوئٹہ کی جانب سے شہر میں تجاوزات کے خاتمے کے لیے جاری مہم کے تحت لیاقت بازار، پرنس روڈ اور عبدالستار روڈ پر انسدادِ تجاوزات کی کارروائی عمل میں لائی گئی

کوئٹہ۔ 14 جولائی (اے پی پی):میٹروپولٹین کارپوریشن کوئٹہ کی جانب سے شہر میں تجاوزات کے خاتمے کے لیے جاری مہم کے تحت لیاقت بازار، پرنس روڈ اور عبدالستار روڈ پر انسدادِ تجاوزات کی کارروائی عمل میں لائی گئی، جس کے دوران سرکاری اراضی، سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر قائم تجاوزات کو ہٹا دیا گیا۔منگل کے روزکارروائی میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ کی اینٹی انکروچمنٹ ٹیم کے انچارج اور سپیشل مجسٹریٹ کی نگرانی میں کی گئی۔ اس دوران دکانوں کے باہر قائم تجاوزات، عارضی تھڑے اور دیگر رکاوٹیں ہٹا کر سڑکوں اور فٹ پاتھوں کو کلیئر کیا گیا۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق تجاوزات کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی تاکہ شہریوں کو بہتر سفری سہولیات میسر آسکیں، ٹریفک کی روانی برقرار رہے اور عوامی مقامات کو تجاوزات سے پاک رکھا جا سکے۔انتظامیہ نے شہریوں اور دکانداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ سرکاری ہدایات پر عمل کریں، تجاوزات قائم کرنے سے گریز کریں اور شہر کو صاف، منظم اور ٹریفک کے لیے محفوظ بنانے میں انتظامیہ سے تعاون کریں۔