چیف سیکرٹری سے وزیراعظم کی فوکل پرسن برائے پولیو عائشہ رضا فاروق کی ملاقات ،پولیو کی روک تھام سے متعلق امور پرتبادلہ خیال

چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان سے وزیر اعظم کی فوکل پرسن برائے انسداد پولیو عائشہ رضا فاروق نے ملاقات کی، جس میں بلوچستان میں انسداد پولیو مہم اور عوامی صحت سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

کوئٹہ۔ 14 جولائی (اے پی پی):چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان سے وزیر اعظم کی فوکل پرسن برائے انسداد پولیو عائشہ رضا فاروق نے منگل کے روز ملاقات کی ۔

ملاقات میں سیکرٹری صحت مجیب الرحمن پانیزئی ،کمشنر کوئٹہ شاہ زیب خان کاکڑ، نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے نیشنل کوآرڈینیٹر محمد انور الحق اور صوبائی ایمرجنسی آپریشن سینٹر بلوچستان کے کوآرڈینیٹر انعام الحق بھی موجود تھے ۔ملاقات کے دوران ضلع چمن اور ڈیرہ بگٹی میں پولیو وائرس کی حالیہ موجودگی پر جاری ردعمل، صوبے میں پولیو کی مجموعی صورتحال، جاری بوسٹر ڈوز ویکسینیشن مہم کی پیش رفت اور معمول کے حفاظتی ٹیکہ جات (ایسنشل امیونائزیشن)کی کوریج کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں پولیو کے خاتمے کی کوششوں کو مزید موثر بنانے، متعلقہ اداروں کے درمیان رابطہ مضبوط کرنے، آپریشنل چیلنجز سے نمٹنے اور خاص طور پر وائرس سے زیادہ متاثرہ علاقوں میں ہر اہل بچے تک معیاری ویکسینیشن کی رسائی یقینی بنانے پر اتفاق کیا گیا۔شرکا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بوسٹر ڈوز مہم کے دوران پروگرام کی قیادت صوبائی اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ قریبی رابطے میں کام جاری رکھے گی تاکہ پولیو وائرس کی منتقلی کا سلسلہ روکا جا سکے، ہر بچے کو تحفظ فراہم کیا جا سکے اور بلوچستان سمیت پاکستان کو پولیو سے پاک بنانے کے قومی ہدف کے حصول میں پیش رفت کو مزید تیز کیا جا سکے۔