عوام کی جان ومال کے تحفظ اور شاہراہوں کی بحالی کیلئے تمام ضروری کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں،ترجمان آئی جی آزاد کشمیر

قانون نافذ کرنے والے ادارے صورتحال پر مکمل کنٹرول رکھتے ہوئے عوام کی جان ومال کے تحفظ اور شاہراہوں کی بحالی کے لئے تمام ضروری کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں، شاہراہوں کے ذریعہ روزمرہ استعمال کی اشیاء کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جا رہا ہے

مظفرآباد۔14جولائی (اے پی پی):قانون نافذ کرنے والے ادارے صورتحال پر مکمل کنٹرول رکھتے ہوئے عوام کی جان ومال کے تحفظ اور شاہراہوں کی بحالی کے لئے تمام ضروری کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں، شاہراہوں کے ذریعہ روزمرہ استعمال کی اشیاء کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جا رہا ہے۔منگل کو سماجی رابطہ کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان کے مطابق انسپکٹر جنرل پولیس آزاد کشمیر کے ترجمان نے کہا کہ کا لعدم عوامی ایکشن کمیٹی کے کارندوں نے کوٹلی / تراڑکھل شاہراہ کے مختلف مقامات پر رکاوٹیں کھڑی کر کے آمد و رفت معطل کر رکھی تھی جس کے باعث عام شہریوں کو شدید سفری مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا ۔علاوہ ازیں روڈ بندش کے باعث عوام کے لئے روزمرہ استعمال کی اشیاء کی ترسیل بھی متاثر ہو رہی تھی۔عوام کی مشکلات کو مد نظر رکھتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں نے منگل کو ، کوٹلی / تراڑکھل شاہراہ پر ٹریفک کی روانی اور اشیائے ضروریہ کی بلاتعطل فراہمی کے سلسلہ میں کلیئرنس آپریشن کا آغاز کیا۔

اس کلیئرنس آپریشن کے دوران بیٹھک بلوچ کے مقام پر کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کے مسلح جتھوں نے سکیورٹی اہلکاروں پر بلا اشتعال اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی جس کے نتیجہ میں آزاد کشمیر پولیس کا کانسٹیبل عاقب شہید جبکہ آزاد کشمیر پولیس کے 8 اہلکار ان سمیت فیڈرل کانسٹیبلری (ایف سی) کا ایک اور محکمہ پی ڈبلیو ڈی کے2 ملازمین بھی زخمی ہوئے۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے صورتحال پر مکمل کنٹرول رکھتے ہوئے عوام کی جان ومال کے تحفظ اور شاہراہوں کی بحالی کے لئے تمام ضروری کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ شاہراہوں کے ذریعہ روزمرہ استعمال کی اشیاء کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جا رہا ہے۔ تمام بند شاہراہوں پر کلیئرنس آپریشن بلا تعطل جاری رکھا جائے گا تا کہ خطہ میں پائیدار امن، قانون کی عملداری اور شہریوں کی آزادانہ نقل و حرکت کو یقینی بنایا جاسکے۔

کسی بھی انتشاری یا مسلح گروہ کو شاہراہیں بند کر کے عوام کی زندگی ، کاروبار تعلیم اور صحت کی سہولتوں کو یر غمال بنانے کی ہر گز اجازت نہیں دی جائے گی۔

 

مزید خبریں