مریضوں کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی وقت کی ضرورت ہے،گورنر خیبرپختونخوا

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ مریضوں کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی، صحت کے شعبے میں اصلاحات اور ہیلتھ پروفیشنلز کے مسائل کا حل حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

پشاور۔ 14 جولائی (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سےپیپلز ڈاکٹرز فورم کے صدر ڈاکٹر جانباز آفریدی اور ڈاکٹر مجاہد آفریدی نے گورنر ہاؤس پشاور میں ملاقات کی۔

ترجمان گورنر ہاؤس پشاور کے مطابق ملاقات میں محکمہ صحت کو درپیش مسائل، ہیلتھ پروفیشنلز کے پیشہ ورانہ امور، مستقبل کی صحت پالیسیوں اور مجوزہ اصلاحات پر گفتگو کی گئی ۔وفد نے اس بات پر زور دیا کہ صحت کے نظام میں مؤثر اصلاحات، طبی عملے کے لیے بہتر پیشہ ورانہ مواقع اور مریضوں کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اس مقصد کے لیے حکومت، محکمہ صحت اور متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے درمیان مؤثر رابطے اور مشاورت کو مزید فروغ دیا جانا چاہیے۔گورنرخیبر پختو نخوا فیصل کریم کنڈی نے وفد کی تجاویز کو سراہتے ہوئے کہا کہ صحت کے شعبے کی بہتری، عوام کو معیاری علاج کی فراہمی اور ہیلتھ پروفیشنلز کے جائز مسائل کا حل میری ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ پیپلز ڈاکٹرز فورم کے وفد سے ملاقات کا اہتمام کیا جائے گا تاکہ پیش کردہ تجاویز اور سفارشات پر سنجیدگی سے غور کیا جا سکے۔ملاقات میں اس حوالے سے پیپلز ڈاکٹرز فورم کے بڑے وفد کی گورنر سے ملاقات کے ٹائم فریم پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

مزید خبریں