فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی ترک صدر رجب طیب اردوان سمیت اعلیٰ سیاسی اور عسکری حکام سے ملاقاتیں

چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ترک صدر رجب طیب اردوان اور اعلیٰ سیاسی و عسکری قیادت سے ملاقاتوں میں پاکستان اور ترکیہ کے درمیان بدلتے علاقائی و عالمی حالات کے تناظر میں تزویراتی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

راولپنڈی۔14جولائی (اے پی پی):چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسزفیلڈ مارشل سید عاصم منیر نشان امتیاز (ملٹری)، ہلال جرات نے ترک صدر رجب طیب اردوان سمیت اعلیٰ سیاسی اور عسکری حکام سے ملاقاتیں کی ہیں جن میں بدلتے ہوئے جغرافیائی و سیاسی حالات کے تناظر میں دونوں ممالک کے درمیان مزید مضبوط تزویراتی شراکت داری کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا گیا ہے ۔

منگل کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر ) سے جاری بیان کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نشان امتیاز (ملٹری)، ہلال جرات اس وقت جمہوریہ ترکیہ کے اعلیٰ سطحی سرکاری دورے پر ہیں جس کا مقصد دونوں برادر ممالک کے درمیان گہرے تاریخی، تزویراتی اور دفاعی تعلقات کو مزید مستحکم کرنا ہے۔ترکیہ پہنچنے پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا پرتپاک استقبال کیا گیا جو پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تاریخی اور برادرانہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔دورے کے دوران فیلڈ مارشل نے ترکیہ کی سیاسی اور عسکری قیادت سے اعلیٰ سطحی ملاقاتیں کیں۔ انہوں نے ترک صدر رجب طیب اردوان اور وزیر قومی دفاع یاسر گولرسے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی اور دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ان اعلیٰ سطحی ملاقاتوں میں بدلتے ہوئے جغرافیائی و سیاسی حالات کے تناظر میں دونوں ممالک کے درمیان مزید مضبوط تزویراتی شراکت داری کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا گیا۔ترک جنرل سٹاف ہیڈکوارٹرز میں فیلڈ مارشل کا گارڈ آف آنر کے ساتھ استقبال کیا گیا۔ بعد ازاں انہوں نے ترک جنرل سٹاف کے سربراہ جنرل سلچوک بایراکتاراوغلو سے تفصیلی ملاقات کی۔ اس موقع پر علاقائی سلامتی کی صورتحال، پیشہ ورانہ عسکری امور اور باہمی دلچسپی کے دیگر موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر جنرل سلچوک بایراکتاراوغلو نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو پاک-ترک عسکری تعاون کے فروغ میں نمایاں خدمات اور ان کے غیر معمولی کردار کے اعتراف میں ترک مسلح افواج کا امتیازی خدمات کا تمغہ بھی عطا کیا۔فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ترک بری افواج کے ہیڈکوارٹرز کا بھی دورہ کیا جہاں ترک بری افواج کے کمانڈر جنرل متین توکیل نے ان کا استقبال کیا۔فیلڈ مارشل نےانیت کبیربھی گئےاور جدید ترکیہ کے بانی مصطفیٰ کمال اتاترک کے مزار پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر انہوں نے اتاترک کی بصیرت افروز قیادت کو سراہتے ہوئے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان گہرے تاریخی روابط کا بھی اعادہ کیا۔فیلڈ مارشل کا یہ دورہ دونوں برادر ممالک کے اس پختہ عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ وہ اپنے کثیرالجہتی دفاعی تعلقات کو مزید فروغ دیں گے اور خطے میں امن، استحکام اور مشترکہ سلامتی کے لیے اپنی مشترکہ کوششیں جاری رکھیں گے۔

مزید خبریں