صوبائی وزیر صحت نے یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میں جدید کلینیکل لیبارٹری کا افتتاح کر دیا

صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہور میں جدید کلینیکل لیبارٹری کا افتتاح کر دیا، جس سے طبی تشخیص، تحقیق اور معیاری صحت کی سہولیات کو مزید فروغ ملے گا۔

لاہور۔14جولائی (اے پی پی):صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میں جدید کلینیکل لیبارٹری کا افتتاح کر دیا ہے۔

اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر احسن وحید راٹھور، سابق ڈی جی ہیلتھ پنجاب ڈاکٹر زاہد پرویز، پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نادیہ نسیم، پرنسپل سروسز انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر زوہرہ خانم، پروفیسر ڈاکٹر سردار ظفر الفرید، ڈاکٹر سید ملازم حسین شاہ، پروفیسر ڈاکٹر عائشہ شوکت و دیگر فیکلٹی و اکیڈمک ممبران موجود تھے۔ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میں جدید کلینیکل لیبارٹری عوام کیلئے کھول دی گئی ہے۔ پنجاب میں سرکاری شعبے کی جدید ترین کلینیکل لیبارٹری قائم کی گئی ہے۔ اب 178 سے زائد جدید تشخیصی ٹیسٹ یو ایچ ایس میں مناسب نرخوں پر دستیاب ہوں گے۔ یو ایچ ایس کی لیبارٹری میں کینسر، جینیاتی اور دیگر خصوصی ٹیسٹ بھی ہوں گے۔ عوام کو ایک ہی چھت تلے عالمی معیار کی تشخیصی سہولتیں ملیں گی۔ یو ایچ ایس کی کلینیکل لیبارٹری طبی تحقیق اور مریضوں کے علاج دونوں میں مددگار ثابت ہوگی۔ پوسٹ گریجویٹ طلبہ کو اب تحقیق کیلئے کلینیکل نمونے یو ایچ ایس ہی میں دستیاب ہوں گے۔ چھ جدید شعبہ جاتی لیبارٹریوں کی معاونت سے یو ایچ ایس نے تشخیصی خدمات کا آغاز کر دیا۔ صوبائی وزیر نے اس موقع پر کہا کہ وزیر اعلی ٰکے وژن کے مطابق حکومت پنجاب شعبہ صحت کی بہتری کیلئے کوشاں ہے۔ دکھی انسانیت کیلئے آسانیاں پیدا کرنا صدقہ جاریہ ہے۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف، نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی کاوشوں سے دنیا بھر میں پاکستان کی عزت و وقار میں اضافہ ہوا ہے۔ ہسپتالوں میں مریضوں کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے کوشاں ہیں۔ پنجاب میں نئے سرکاری ہسپتالوں کا جال بچھایا جا رہا ہے۔ لاہور میں اسٹیٹ آف دی آرٹ نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ کے کینسر کیئر کلینک، جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی لاہور جبکہ سرگودھا میں نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کاجلد افتتاح کرنے جا رہے ہیں۔ لاہور میں اسٹیٹ آف دی آرٹ نواز شریف میڈیکل ڈسٹرکٹ بنا رہے ہیں۔ یہاں بیٹھی میڈیکل کمیونٹی لیڈرشپ ہے۔ مریضوں کیلئے آسانیاں پیدا کر کے دنیا و آخرت کمائی جا سکتی ہے۔ اللہ تعالی پاکستان کو مزید ترقی و خوشحالی عطا فرمائے۔ وائس چانسلر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز پروفیسر ڈاکٹر احسن وحید راٹھور نے اس موقع پر کہا کہ یو ایچ ایس تعلیم، تحقیق اور مریضوں کی خدمت کو ایک پلیٹ فارم پر لے آیا۔ کلینیکل لیبارٹری عوام کو معیاری اور کم لاگت ٹیسٹ فراہم کرے گی۔

مزید خبریں