صوبائی وزیر لیبر و افرادی قوت محمد منشا اللہ بٹ سے گوجرانوالہ کے لیبر نمائندگان کے وفد نے ملاقات کی، جس میں ورکرز کی فلاح و بہبود، رہائشی و طبی سہولیات اور محنت کشوں کو درپیش مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
مزدور طبقے کی خوشحالی اور ان کے مسائل کا حل اولین ترجیحات میں شامل ہے،محمد منشا اللہ بٹ

مزید خبریں
لاہور۔14جولائی (اے پی پی):صوبائی وزیر لیبر و افرادی قوت محمد منشا اللہ بٹ سے گوجرانوالہ کے لیبر نمائندگان کے وفد نے ملاقات کی۔ملاقات میں ورکرز کی فلاح و بہبود، رہائشی سہولیات، میڈیکل سہولیات اور محنت کشوں سے متعلق دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر لیبر نمائندگان نے محنت کشوں کو درپیش مسائل، مشکلات اور اپنی تجاویز سے صوبائی وزیر کو آگاہ کیا۔صوبائی وزیر نے لیبر نمائندگان کو یقین دہانی کرائی کہ محنت کشوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مزدور طبقے کی خوشحالی اور ان کے مسائل کا حل اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ محنت کشوں کی فلاح و بہبود کے مختلف منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔ محنت کشوں کو بہتر صحت، تعلیم اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے متعدد اقدامات کیے جا رہے ہیں بہت جلد مانگا سوشل سکیورٹی ہسپتال میں پیسی نرسنگ سکول کا آغاز کیا جا رہا ہے، جبکہ پیسی میڈیکل کالج کے قیام کے لیے بھی تجویز زیر غور ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ ورکرز ویلفیئر سکولز میں محنت کشوں کے بچوں کو جدید تقاضوں کے مطابق معیاری تعلیم فراہم کی جا رہی ہے تاکہ وہ بہتر مستقبل کی جانب گامزن ہو سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کام کی جگہوں پر محنت کشوں کو محفوظ، بہتر اور سازگار ماحول کی فراہمی کے لیے بھی اقدامات جاری ہیں۔








