گورنر خیبرپختونخوا سے عبدالمنان بنگش کی قیادت میں وفد کی ملاقات، پارٹی کی فعالیت اور درپیش ترقیاتی مسائل پر گفتگو

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے پاکستان پیپلز پارٹی کوہاٹ کے جنرل سیکرٹری عبدالمنان بنگش کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی، جس میں سیاسی و عوامی امور اور علاقے کی ترقی سے متعلق مختلف موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پشاور۔ 14 جولائی (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے منگل کے روز پاکستان پیپلز پارٹی کوہاٹ کے جنرل سیکرٹری عبدالمنان بنگش کی قیادت میں وفد سے گورنر ہاوس پشاور میں ملاقات کی۔

گورنر ہاوس پشاور تر جمان کے مطابق ملاقات کے دوران وفد نے کوہاٹ اور گردونواح کے عوام کو درپیش ترقیاتی مسائل اور عوامی فلاح سے متعلق مختلف امور پر گورنر کو آگاہ کیا۔ وفد نے مکھڈ شریف کے مقام پر دریائے سندھ پر پل کی تعمیر کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے سے مختلف علاقوں کے درمیان فاصلہ کم ہوگا، آمدورفت میں آسانی پیدا ہوگی اور ہزاروں شہریوں کو بہتر سفری سہولیات میسر آئیں گی۔گورنر فیصل کریم کنڈی نے وفد کو یقین دلایا کہ مکھڈ شریف پل منصوبے کے حوالے سے متعلقہ حکام سے رابطہ کیا جائے گا تاکہ اس اہم عوامی منصوبے کو آگے بڑھایا جا سکے۔وفد نے کوہاٹ شہر کے قریب بور کے مقام پر بارشی ڈیم منصوبے میں تاخیر کا معاملہ بھی اٹھایا، جس پر گورنر نے منصوبے کی بروقت تکمیل کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ اس کے علاوہ تاندہ ڈیم سے گاؤں بورکا تک نہر کی بحالی کے منصوبے کے حوالے سے بھی گورنر نے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ملاقات میں گاؤں بورکا کے رہائشیوں کو اراضی کے مالکانہ حقوق کی فراہمی اور دیگر بنیادی سہولیات سے متعلق معاملات بھی زیر بحث آئے۔ گورنر فیصل کریم کنڈی نے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ عوامی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے اور اراضی سے متعلق جائز معاملات کو قانون کے مطابق نمٹایا جائے۔ملاقات کے دوران پاکستان پیپلز پارٹی کوہاٹ کے تنظیمی امور، پارٹی کی فعالیت، کارکنوں کے کردار اور آئندہ تنظیمی حکمت عملی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر فیصل کریم کنڈی نے پارٹی کو مزید مضبوط اور فعال بنانے کے لیے کارکنوں کے ساتھ مسلسل رابطے اور عوامی خدمت کے جذبے کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

مزید خبریں