52 ویں کامن ٹریننگ پروگرام کے زیرتربیت اے ایس پیز نے سنٹرل پولیس آفس کا دورہ کیا اور آئی جی پنجاب عبدالکریم سے ملاقات کی، جہاں انہیں پولیسنگ، قیادت اور پیشہ ورانہ امور پر بریفنگ دی گئی۔
52 ویں کامن ٹریننگ پروگرام کے زیرتربیت اے ایس پیز کا سنٹرل پولیس آفس کا دورہ،آئی جی پنجاب سے ملاقات کی

مزید خبریں
لاہور۔14جولائی (اے پی پی):52 ویں کامن ٹریننگ پروگرام کے زیرتربیت اے ایس پیز نے سنٹرل پولیس آفس کا دورہ کیا اور انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عبدالکریم سے ملاقات کی۔ وفد میں 02 خواتین سمیت 14 زیرتربیت اے ایس پیز شامل تھے جن کا تعلق خیبرپختونخوا، بلوچستان اور سندھ سمیت مختلف صوبوں سے تھا۔
اس موقع پر آئی جی پنجاب نے کہا کہ وزیراعلی نے پنجاب پولیس کو آئی ٹی بیسڈ ایپلیکیشنز، جدید کمیونٹی پولیسنگ اور جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنے کیلئے بھرپور وسائل فراہم کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلی کے ’’محفوظ پنجاب ویژن‘‘ کے تحت خواتین اور بچوں پر تشدد، زیادتی اور ہراسگی کے واقعات پر زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کیا جا رہا ہے جبکہ صوبہ بھر کو تحصیل کی سطح تک آرٹیفیشل انٹیلیجنس سے لیس سیف سٹی سسٹم پر منتقل کیا گیا ہے۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ زیرتربیت افسران کیلئے آن گرائونڈ پولیسنگ، مشاہدے، بروقت فیصلہ سازی اور عملی تجربات ان کے پیشہ ورانہ کیریئر میں انتہائی اہمیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ قانون کے دائرہ کار میں رہتے ہوئے نچلی سطح پر عوام کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں اور عوام دوست پولیسنگ کو فروغ دیا جائے۔ انہوں نے زیرتربیت افسران کو ہدایت کی کہ وہ پنجاب سیف سٹیز کے جدید انفراسٹرکچر، سرویلنس سسٹمز اور ورچوئل ٹیکنالوجیز سے بھرپور آگاہی حاصل کریں۔ انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ پولیس اور دیگر شعبہ جات میں فیلڈ ٹریننگ اے ایس پیز کی پروفیشنل گرومنگ میں اہم کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ کمیونٹی پولیسنگ، شہریوں سے موثر رابطے اور ماتحت فورس کی ویلفیئر پر خصوصی توجہ دی جائے۔ملاقات کے دوران آئی جی پنجاب نے زیرتربیت افسران سے ٹریننگ کے دوران حاصل ہونے والے تجربات کے بارے میں آگاہی حاصل کی اور ان کے مختلف سوالات کے جوابات بھی دئیے۔ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ زیرتربیت افسران کو چھ ماہ کی فیلڈ ٹریننگ کیلئے پنجاب کے مختلف اضلاع میں تعینات کیا گیا ہے جبکہ زیرتربیت اے ایس پیز کو آپریشنز، انویسٹی گیشن، سی سی ڈی، ٹریفک مینجمنٹ، پبلک سروس ڈلیوری اور کرائم کنٹرول کے مختلف پہلووں بارے آگاہی بھی دی گئی۔اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی ٹریننگ عاصم گلزار، ایڈیشنل آئی جی آئی اے بی عمران محمود، ایڈیشنل آئی جی آپریشنز پنجاب محمد علی نیکوکارا، ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ ٹو سلیمان سلطان رانا، ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز ڈاکٹر محمد عابد سمیت دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے۔








