بلوچستان یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی خضدار کے آڈیٹوریم میں ہائیڈرو تھون 2026 کا شاندار اور کامیاب انعقاد کیا گیا۔
بلوچستان یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی خضدار میں ہائیڈرو تھون 2026 کا کامیاب انعقاد

مزید خبریں
کوئٹہ۔ 14 جولائی (اے پی پی):بلوچستان یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی خضدار کے آڈیٹوریم میں ہائیڈرو تھون 2026 کا شاندار اور کامیاب انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب کا اہتمام پیس اینڈ کریکٹر بلڈنگ سوسائٹی بلوچستان یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی خضدار نے ریوائیول آف بلوچستان واٹر ریسورسز پروگرام (RBWRP) کے تحت اقوام متحدہ کے ادارہ برائے خوراک و زراعت اور یورپی یونین کے اشتراک سے کیا۔تقریب کی مجموعی منصوبہ بندی، انتظامات اور کامیاب انعقاد اسرار رئیسانی پراجیکٹ کوآرڈینیٹر، آر بی ڈبلیو آر پی، انجینئر شکیل بلوچ پراجیکٹ منیجر اور سید عبداللہ شاہ کمیونیکیشن، آؤٹ ریچ اینڈ انگیجمنٹ اسپیشلسٹ نے انجام دی۔تقریب کے مہمانِ خصوصی پرو وائس چانسلر انجینئرنگ یونیورسٹی خضدار ڈاکٹر سہراب خان بزنجو تھے، جو کہ اپنے خطاب میں منتظمین کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو پائیدار آبی وسائل کے انتظام، موسمیاتی تبدیلیوں سے ہم آہنگی، ماحولیاتی تحفظ اور قدرتی وسائل کے ذمہ دارانہ استعمال کے حوالے سے آگاہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے اس نوعیت کی سرگرمیوں کو بلوچستان کے مستقبل کے لئے نہایت اہم قرار دیا۔ پرووائس چانسلر ڈاکٹر سہراب بزنجو نے شرکاء کو عملی اقدامات کی طرف متوجہ کیا۔
انہوں نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا کہ اب وقت صرف مشورے دینے کا نہیں بلکہ عملی طور پر کچھ کر دکھانے کا ہے،پانی ہماری سب سے بنیادی ضرورت ہے، اس لیےہم سب کو مل کر پانی کی بچت کرنی ہوگی،یہ بچت ہم نے اپنے لئے اور اپنے آنے والے کل کے لیے کرنی ہے۔ اس موقع پر طلباء کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ خصوصی طور پر ہنگول اور ہامون ماشکیل کے دریائی طاسوں کو ہدف بناتا ہے، جو خشک سالی اور زیر زمین پانی کی شدید کمی کا شکار ہیں۔ ہائیڈرو تھون 2026 جیسے اقدامات سے جہاں مقامی نوجوانوں میں مسائل کی نشاندہی اور ان کے حل کا احساس پیدا ہوگا، وہاں بارانی پانی جمع کرنے کے سمارٹ آبپاشی کے طریقوں، کم پانی والی فصلوں کی کاشت اور ڈیزل بورنگ پر انحصار کم کر کے متبادل توانائی کی طرف منتقلی میں مدد ملے گی۔تقریب میں رجسٹرار بلوچستان یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی خضدار ڈاکٹر سید جلال شاہ،ڈائریکٹر جنرل کوالٹی انہانسمنٹ سیل انجینئر لیاقت علی لہڑی،انجینئر شکیل احمد (پراجیکٹ منیجر، آر بی ڈبلیو آر پی ساؤتھ انجینئر شکیل احمد،ایچ آر منیجر اسرار رئیسانی
سبجیکٹ میٹر ایکسپرٹ ڈاکٹر صلاح الدین، کمیونیکیشن، آؤٹ ریچ اینڈ انگیجمنٹ اسپیشلسٹ، آر بی ڈبلیو آر پی سید عبداللہ شاہ،مانیٹرنگ آفیسر فرحان مگسی،آئی ٹی ایکسپرٹ انجینئر شیر مینگل، آر بی ڈبلیو آر پی ساؤتھ، یونیورسٹی کے تمام شعبہ جات کے چیئرمین صاحبان، رضوان احمد ایف اے او نمائندہ، خضدار اپنی ٹیم کے ہمراہ، اور انجینئر احتشام الحق ایف اے او نمائندہ کوئٹہ نے شرکت کی جبکہ انجینئر طلال نصیر اور اسد نے آن لائن شرکت کرتے ہوئے پروگرام کا حصہ بنے۔ ہائیڈرو تھون 2026 کے دوران طلبہ و طالبات کے لئے مختلف علمی، تخلیقی اور فنی مقابلوں کا انعقاد کیا گیا، جن میں انگریزی اور اردو مباحثہ، پوسٹر مقابلہ، فوٹوگرافی مقابلہ، مختصر دستاویزی فلم شارٹ ڈاکیومنٹری مقابلہ اور تھیٹر پرفارمنس شامل تھے۔ ان تمام سرگرمیوں کا مرکزی موضوع پائیدار آبی وسائل کا انتظام، موسمیاتی لحاظ سے موافق زراعت لائیو سٹاک کی ترقی اور رینج لینڈ کے تحفظ تھا۔ طلبہ نے بھرپور جوش و خروش کے ساتھ شرکت کرتے ہوئے اپنی تخلیقی صلاحیتوں، جدت پسندی اور ماحولیاتی شعور کا بہترین مظاہرہ کیا۔تقریب کے اختتام پر نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ و طالبات میں شیلڈ اور اسناد تقسیم کی گئیں۔
منتظمین نے ایف اے او، یورپی یونین، بلوچستان یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی خضدار کی انتظامیہ،بی آر سی سے پروفیسر انعام اللّٰہ مینگل سمیت فیکلٹی ممبران، ججز، طلبہ صحافی برادری اور تمام شرکاء کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا، جن کے تعاون اور بھرپور شرکت سے ہائیڈرو تھون 2026 ایک یادگار اور کامیاب تقریب ثابت ہوئی۔ہائیڈرو تھون 2026 نے ایک بار پھر اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی خضدار، ایف اے او اور یورپی یونین پائیدار قدرتی وسائل کے مؤثر انتظام، آبی وسائل کے تحفظ، موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے اور نوجوانوں کو مستقبل کے ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے بااختیار بنانے کے مشترکہ مشن پر کاربند ہیں۔








