اپنا گھر پروگرام کے نفاذ کے لیے اسٹیٹ بینک اور آر ڈی اے میں اہم اجلاس، ہاؤسنگ فنانس میں سہولت کاری پر اتفاق

:اسٹیٹ بینک آف پاکستان راولپنڈی اور راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی (آر ڈی اے) کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل سید مسعود بخاری اور ان کی ٹیم کے درمیان وزیراعظم کے اہم منصوبے ’’اپنا گھر پروگرام

راولپنڈی۔ 14 جولائی (اے پی پی):اسٹیٹ بینک آف پاکستان راولپنڈی اور راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی (آر ڈی اے) کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل سید مسعود بخاری اور ان کی ٹیم کے درمیان وزیراعظم کے اہم منصوبے ’’اپنا گھر پروگرام – گھر ہو تو اپنا‘‘ کے نفاذ میں سہولت کاری کے اقدامات پر ایک تعمیری میٹنگ منعقد ہوئی۔ میٹنگ میں ایس بی پی بی ایس سی راولپنڈی کی قائم مقام چیف منیجر سیدہ اسماء عزیز اور سینئر ڈپٹی چیف منیجر عمر صدیق خٹک کے علاوہ چیف پلانر آر ڈی اے محمد طاہر میو ،ڈائریکٹر ایڈمن آرڈی اے نوشین اسرار، ڈائریکٹر فنانس آر ڈی اے مسعود ارشد، بینک آف پنجاب، عسکری بینک اور بینک الحبیب کے نمائندگان نے شرکت کی۔ میٹنگ میں شرکاء نے راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے دائرہ اختیار میں آنے والے ہاؤسنگ سکیمز کے الاٹیز کے لیے رہن (مارگیج) کی تخلیق، لیئن مارکنگ اور ہاؤسنگ فنانس سے متعلق امور پر تفصیلی غور و خوض کیا۔ شرکاء نے اس اہم پروگرام کے کلیدی پہلوؤں کو بھی اجاگر کیا، جس کا مقصد کم اور متوسط آمدنی والے طبقے کو سستی اور آسان ہاؤسنگ فنانس تک رسائی فراہم کرنا ہے۔

اس پروگرام کے تحت اہل افراد سازگار اور مراعات یافتہ شرائط پر مکان کی تعمیر یا خریداری کے لیے قرض حاصل کر سکیں گے، جس سے گھر کی ملکیت کو فروغ ملے گا اور مالی شمولیت اور پائیدار ہاؤسنگ ترقی میں مدد ملے گی۔ میٹنگ کے دوران راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے حکام نے اس پروگرام کے نفاذ میں بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے اس سلسلے میں اپنی ویب سائٹ، ہاؤسنگ سوسائٹیز کو باقاعدہ مراسلے اور پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا کے ذریعے معلومات فراہم کرنے پر اتفاق کیا۔ مزید برآں، آر ڈی اے نے بینکوں کے ساتھ رابطہ کاری کے لیے ایک فوکل پرسن نامزد کرنے اور ون ونڈو سہولت کاری کا نظام قائم کرنے پر بھی آمادگی ظاہر کی، جس سے اہل درخواست گزاروں کے لیے ہاؤسنگ فنانس کا عمل تیز ہوگا۔ آر ڈی اے نے اپنا گھر پروگرام کے فروغ اور کیسز کی پروسیسنگ میں مکمل معاونت اور سہولت کاری کا عزم کیا۔

 

مزید خبریں