ہماری ہنر مند افرادی قوت عالمی سطح پر قابليت، جدت اور اعتماد کی علامت بنے گی، وزیراعظم محمد شہباز شریف کا نوجوانوں کی ہنرمندی و پیشہ وارانہ مہارت کے عالمی دن کے موقع پر پیغام

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ نوجوان ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں، بین الاقوامی معیار کی ہنر مندی پاکستان کی معاشی ترقی و خوشحالی کا بنیادی ستون ہے اور ہنرمند افرادی قوت عالمی سطح پر ملک کی صلاحیت، جدت اور اعتماد کی نمائندگی کرے گی۔

اسلام آباد۔14جولائی (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے نوجوانوں کو ملک کا قیمتی اثاثہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ نئے دور ميں بین الاقوامی معیار کی مہارت ترقی کی حقيقی ضامن ہے، ہنر مندی کی ترقی کو پاکستان کی معاشی ترقی و خوشحالی کا بنیادی ستون رکھا گیا ہے، ہماری ہنر مند افرادی قوت عالمی سطح پر قابليت، جدت اور اعتماد کی علامت بنے گی۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار نوجوانوں کی ہنرمندی و پیشہ وارانہ مہارت کے عالمی دن ،جو کل (بدھ کو) منایا جا رہا ہے، کی مناسبت سے اپنے پیغام میں کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان آج اقوام عالم کے ساتھ ہم آواز ہو کر نوجوانوں کی ہنرمندی و پیشہ وارانہ مہارت کے عالمی دن پر نوجوانوں کی قدرتی صلاحيتوں، عزم اور ان کی استعداد کار کو خراج تحسین پيش کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے نوجوان ہمارا قیمتی قومی اثاثہ ہیں جو عصری تقاضوں سے ہم آہنگ تعلیم و تربیت، کردار اور مہارت کے ذريعے تابندہ مستقبل کی جانب ترقی کے منازل طے کر رہے ہیں، آج ڈیجیٹل جدت، ابهرتی ہوئی ٹيکنالوجيز، مصنوعی ذہانت اور تيزی سے بدلتی ہوئی عالمی معيشت مستقبل کے روزگار کی نئی جہتیں متعين کر رہی ہيں۔ وزیراعظم نے کہا کہ اس نئے دور ميں بین الاقوامی معیار کی مہارت ترقی کی حقيقی ضامن ہے، فنی و پيشہ ورانہ تعليم و تربيت، متناسب مواقع، پيداواری صلاحيت اور کاروباری جدت ہی عالمی معاشی کاميابی کی ضمانت ہے۔ پیشہ ورانہ ہنر مندی کی اہمیت کو سمجھتے ہوئے حکومت نے نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن کو ايک جديد، متحرک اور مستقبل کے منصوبہ ساز قومی ادارے ميں تبديل کيا ہے تاکہ يہ ادارہ عالمی معيار کی تربيت، بين الاقوامی سطح پر تسليم شده اسناد اور صنعت سے ہم آہنگ مہارتيں فراہم کر سکے جو ہمارے نوجوانوں کو پاکستان اور دنيا بهر ميں اعتماد کے ساتھ مقابلہ کرنےکے قابل بنائے۔ وزیراعظم نے کہا کہ اس سال نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن کے ذریعے تکنیکی مہارتوں کی ترقی کے لیے خطیر بجٹ مختص کیا گیا ہے جو حکومتی عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ اس پالیسی کے تحت ہنر مندی کی ترقی کو پاکستان کی معاشی ترقی و خوشحالی کا بنیادی ستون رکھ دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی حکمت عملی کا ایک اور مرکزی پہلو روزگار کے مواقع پيدا کرنے کے ساتھ ساتھ ايسے ہنر مندوں ، کاروباری شخصيات اور پيشہ ور افراد کی تربيت بھی ہے جو روزگار کے مواقع، برآمدات اور قومی پيداواری صلاحيت ميں اضافہ اور پائيدار معاشی ترقی ميں اپنا تعمیری کردار ادا کريں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اپنے صنعتی شراکت دار اور بين الاقوامی اداروں کے ساتھ تعاون اور شراکت داری کو جامع حکمت عملی کے تحت وسعت دے رہی ہے تاکہ پاکستانی افرادی قوت کی صلاحيتيں عالمی معيار پر پورا اتريں اور بين الاقوامی سطح پر مسابقت برقرار رکھ سکيں۔ انہوں نے کہا کہ قومی افرادی قوت کی قدررتی استعداد کی بہترین نشوو نما کے لیے بلا تفریق رنگ و نسل ہر مرد و خواتین کو يکساں مواقع کی فراہمی حکومتی ترجیحات میں شامل ہے۔ تربیتی اداروں کی موثر کارکردگی، وفاقی اور صوبائی سطح پر جامع حکمت عملی اور نجی صنعت کاروں اور اداروں کی مشترکہ اور پرخلوص کاو شوں کے نتیجے میں یقینا پاکستانی ہنر مند افرادی قوت عالمی سطح پر قابليت، جدت اور اعتماد کی علامت بنیں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ آئیے ہم عہد کریں کہ ہم سب مل کر ايسا مستقبل تعمير کريں جہاں صلاحيتوں کو بہترین انداز میں بروئے کار لاتے ہوئے انہيں قومی خوشحالی ميں تبديل کيا جا سکے۔

مزید خبریں