پی ایچ اے مون سون شجرکاری مہم کے تحت پودوں کی فری ہوم ڈیلیوری کریگی، راجہ منصور

وزیراعلیٰ پنجاب کے ’’سرسبز لاہور‘‘ وژن کے تحت پنجاب ہارٹی کلچر ایجنسی مون سون شجرکاری مہم کے دوران شہریوں کو گھروں تک مفت پودوں کی فراہمی کا باقاعدہ آغاز کرے گی تاکہ شہر کو مزید سرسبز اور ماحول دوست بنایا جا سکے۔

لاہور۔14جولائی (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب کے ’’سرسبز لاہور‘‘ وژن کے تحت پنجاب ہارٹی کلچر ایجنسی (پی ایچ اے) مون سون شجرکاری مہم کے تحت شہریوں کو گھروں میں پودوں کی فری ہوم ڈیلیوری مہم کا کل سے باقاعدہ آغاز کریگی۔

منیجنگ ڈائریکٹر پی ایچ اے راجہ منصور احمد نے بتایا کہ اس مہم کا مقصد مون سون سیزن کے دوران لاہور میں شجرکاری کو فروغ دینا ہے، فری ہوم ڈیلیوری پروگرام کے تحت شہری ہیلپ لائن 1399 پر کال کرکے مفت پودے حاصل کر سکیں گے۔پی ایچ اے لاہور شہریوں کو ان کے گھروں پر دو مفت مقامی پودے فراہم کرے گا، جبکہ پی ایچ اے کا تربیت یافتہ مالی خود گھر جا کر پودے لگائے گا۔اس سہولت سے استفادہ کرنے کے لیے شہری پی ایچ اے ہیلپ لائن 1399 پر صبح 8:00 بجے سے شام 4:00 بجے تک کال کر سکتے ہیں۔راجہ منصور احمد نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ مون سون شجرکاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور اپنے گھروں، محلوں، تعلیمی اداروں اور دیگر دستیاب مقامات پر زیادہ سے زیادہ پودے لگا کر شہر کو سرسبز بنانے میں اپنا قومی کردار ادا کریں۔پی ایچ اے لاہور اس عزم کے ساتھ مون سون شجرکاری مہم جاری رکھے گا کہ شہریوں کے تعاون سے لاہور کو مزید سرسبز، صاف ستھرا اور ماحول دوست شہر بنایا جائے۔

مزید خبریں