وفاقی محتسب جنوبی پنجاب کے کوآرڈینیٹرو ریجنل ہیڈ ملتان ڈاکٹر محمد زاہد کی جانب سے بدھ کے شجاع آباد ٹاؤن میونسپل کارپوریشن کے دفتر میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا
شجاع آباد میں وفاقی محتسب کی کھلی کچہری، 30 سے زائد شکایات نمٹا دیں،شہریوں کو سات لاکھ روپے سے زائد کا ریلیف

مزید خبریں
ملتان۔ 15 جولائی (اے پی پی):وفاقی محتسب جنوبی پنجاب کے کوآرڈینیٹرو ریجنل ہیڈ ملتان ڈاکٹر محمد زاہد کی جانب سے بدھ کے شجاع آباد ٹاؤن میونسپل کارپوریشن کے دفتر میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا جہاں انہوں نے وفاقی اداروں کے خلاف عوامی شکایات کی سماعت کی۔ڈاکٹر محمد زاہد نے شہریوں کی درخواستیں موقع پر سنیں اور 30 سے زائد کیسز نمٹا ئےجبکہ مختلف بلوں کی مد میں شہریوں کو سات لاکھ روپے سے زائد رقم واپس کرنے کے احکامات جاری کیے۔ انہوں نے میپکو حکام کو آٹھ سے زائد بجلی کنکشنز فوری بحال کرنے کی ہدایت بھی کی۔متعلقہ افسران کی جانب سے انہیں بتایا گیا کہ وفاقی محتسب کی ہدایت پر سات خراب بجلی میٹر بھی تبدیل کر دئیے گئے ہیں۔کھلی کچہری میں واپڈا،سوئی گیس،نادرا،پاکستان ریلوے، پوسٹل لائف انشورنس،زرعی ترقیاتی بینک، پاکستان بیت المال اوردیگر وفاقی اداروں کے فوکل پرسنز بھی موجود تھے۔
ڈاکٹر محمد زاہد نے تمام اداروں کوزیرالتوا شکایات پرفوری عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی محتسب کے فیصلوں پرتاخیریا فلت برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ شہری اپنی شکایات سادہ کاغذ پربھی جمع کراسکتے ہیں اوروفاقی محتسب عوامی مسائل کو قانون کے مطابق بلا معاوضہ اور بروقت حل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سال 2026 کے دوران وفاقی اداروں کی بدانتظامی سےمتعلق ریکارڈ تعداد میں شکایات موصول ہوئیں، جن پر کارروائی کرتے ہوئے شہریوں کو انصاف اورریلیف فراہم کیا جارہا ہے۔کھلی کچہری کے بعد ڈاکٹر محمد زاہد نے چیف آفیسر میونسپل کمیٹی شجاع آباد فیصل مختارسندھو سے ملاقات کی،جس میں وفاقی محتسب کےغیررسمی مصالحتی نظام،شکایات کےاندراج اورعوام کوزیادہ سےزیادہ سہولیات فراہم کرنےکےطریقہ کارپرتبادلہ خیال کیا گیا۔








