پنجاب سول ڈیفنس اور ریسکیو 1122جدید تقاضوں سے ہم آہنگ،سول سیکرٹریٹ میں جدید آلات کی نمائش اور استعمال کا عملی مظاہرہ

سول ڈیفنس اور ریسکیو 1122 کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا رہا ہے، اسی ضمن میں پنجاب سول ڈیفنس اور ریسکیو کیلئے500 ملین روپے کی لاگت سے جدید آلات خریدے گئے ہیں جنہیں نمائش اور عملی مظاہرے کیلئے سول سیکرٹریٹ میں پیش کیا گیا

لاہور۔15جولائی (اے پی پی):سول ڈیفنس اور ریسکیو 1122 کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا رہا ہے، اسی ضمن میں پنجاب سول ڈیفنس اور ریسکیو کیلئے500 ملین روپے کی لاگت سے جدید آلات خریدے گئے ہیں جنہیں نمائش اور عملی مظاہرے کیلئے سول سیکرٹریٹ میں پیش کیا گیا۔ صوبائی وزیر و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق نے جدید آلات کی نمائش کا معائنہ کیا۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی اور سیکرٹری ایمرجنسی سروسز پنجاب ڈاکٹر رضوان نصیر بھی انکے ہمراہ تھے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر سول ڈیفنس تسنیم علی خان نے سول ڈیفنس اور ریسکیو 1122 کیلئے لیے گئے جدید آلات بارے بریفنگ دی۔ جدید آلات میں ایئر لفٹ ڈرون، بم ڈسپوزل روبوٹ، اینٹی ڈرون گن، الیکٹرک سائرن، بم ڈسپوزل سوٹ، بمب بلینکٹ، مائن ڈیٹیکٹر، سنیک کیمرے، آٹومیٹک لوڈنگ سٹریچر، سپائن بورڈ، چپنگ ہیمر، اینگولر گرائینڈر، فائر ہوز، آکسیجن سلنڈر اور آگ بجھانے کے آلات شامل ہیں۔ اس موقع پر جدید ایئر لفٹ ڈرون سے ڈمی کو اٹھانے کا عملی مظاہرہ بھی کیا گیا۔ ایئر لفٹ ڈرون بیک وقت200 کلوگرام تک وزن اٹھانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

تقریب کے دوران سول ڈیفنس میں نئے بھرتی ہونے والے بم ڈسپوزل سکواڈ سے خصوصی ملاقات کی گئی۔ اس موقع پر خریدے گئے جدید سامان کی فراہمی کے حوالے سے پنجاب سول ڈیفنس اور ریسکیو 1122 کے مابین میمورینڈم پر دستخط کیے گئے۔ تقریب میں پنجاب سول ڈیفنس نے85.5 ملین کی لاگت سے خریدے گئے جدید آلات ریسکیو 1122کے حوالے کیے۔ صوبائی وزیرنے تقریب سے خطاب میں کہا کہ پاکستان ایک نظریے اور فلسفے کی بنیاد پر قائم ہوا ۔ مجھے فخر ہے کہ میں ایک ایسی لیڈر کی قیادت میں کام کرتا ہوں جن کے دل میں عوام کا درد ہے۔ پاکستان ہم سب کا ہے اور ہم سب کو اس کی حفاظت کرنی ہے۔ پاک بھارت کشیدگی کے دوران وزیراعلی پنجاب نے سول ڈیفنس کی استعداد میں اضافے کا حکم دیا۔ سول ڈیفنس اور ریسکیو سروس شہریوں کے تحفظ اور فلاح کیلئے نہایت اہم ادارے ہیں۔ بم ڈسپوزل سکواڈ کو جدید آلات اور نئی بھرتیوں سے مضبوط کر رہے ہیں۔ وزیراعلی پنجاب نے کارکردگی کو مدنظر رکھتے ہوئے سول ڈیفنس رضاکاروں کے اعزازیہ میں اضافہ کیا۔

خواجہ سلمان رفیق نے بتایا کہ اب تک ساڑھے 3 لاکھ سے زائد شہریوں نے بطور سول ڈیفنس رضاکار رجسٹریشن کروا لی ہے۔ تمام سول ڈیفنس رضاکاروں کو بیسک لائف سپورٹ تربیت فراہم کر رہے ہیں۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے کہا کہ حکومتِ پنجاب سول ڈیفنس ریزیلینس کور کو عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کر رہی ہے۔ امن اور جنگ کے دنوں میں سول ڈیفنس کی اہمیت یکساں ہے۔ ہر ہنگامی صورتحال میں سول ڈیفنس ضلعی انتظامیہ کا ہراول دستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہری اپنی صلاحیت کے مطابق سول ڈیفنس میں بطور رضاکار شمولیت اختیار کریں، ریسکیو بروقت کارروائی کرتے ہوئے پنجاب کو اب تک786 ارب روپے کے نقصانات سے بچا چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر 7 ہزار سے زائد ایمرجنسیز پر فوری مدد فراہم کرتے ہیں۔ تقریب میں سپیشل سیکرٹری داخلہ زینب خان، سپیشل سیکرٹری داخلہ فیصل فرید، ڈائریکٹر سول ڈیفنس تسنیم علی خان سمیت دیگر نے شرکت کی۔

مزید خبریں