خیبرپختونخوا حکومت نے سالانہ ترقیاتی پروگرام 2026-27 کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں کے لیے مجموعی طور پر 80.7 ارب روپے جاری کر دیے ہیں
خیبرپختونخوا میں ترقیاتی منصوبوں کے لیے 80.7 ارب روپے جاری، سڑکوں، صحت اور تعلیم کے شعبے ترجیح میں شامل

مزید خبریں
پشاور۔ 15 جولائی (اے پی پی):خیبرپختونخوا حکومت نے سالانہ ترقیاتی پروگرام 2026-27 کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں کے لیے مجموعی طور پر 80.7 ارب روپے جاری کر دیے ہیں۔ محکمہ خزانہ کے مطابق جاری منصوبوں کے لیے مختص فنڈز کا 40 فیصد حصہ یکمشت جاری کیا گیا ہے جس سے ترقیاتی سرگرمیوں میں تیزی آنے کی توقع ہے۔سیکرٹری خزانہ کامران احمد آفریدی کے مطابق نئے ترقیاتی منصوبوں کے لیے فنڈز ان منصوبوں کی منظوری کے بعد جاری کیے جائیں گے جبکہ بروقت فنڈز کی فراہمی سے منصوبوں پر عملدرآمد مزید مؤثر انداز میں ممکن ہو سکے گامحکمہ خزانہ کے مطابق بندوبستی اضلاع میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے لیے 61 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں جبکہ ضم اضلاع کے لیے تیز رفتار ترقیاتی پروگرام کے تحت 11 ارب روپے اور ضم اضلاع کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے لیے 7.9 ارب روپے جاری کیے گئے ہیں۔جاری کیے گئے فنڈز میں سڑکوں کے شعبے کے لیے 12 ارب روپے، آبپاشی کے لیے 5.8 ارب روپے، شہری ترقی کے لیے 8.8 ارب روپے اور لوکل گورنمنٹ کے منصوبوں کے لیے 2 ارب روپے شامل ہیں۔
اسی طرح آبنوشی کے شعبے کے لیے 3 ارب روپے، ابتدائی و ثانوی تعلیم کے لیے 1.9 ارب روپے، صحت کے لیے 4.5 ارب روپے، اعلیٰ تعلیم کے لیے 1.7 ارب روپے جبکہ امن و امان کے شعبے کے لیے 1.7 ارب روپے جاری کیے گئے ہیں۔ضم اضلاع کے منصوبوں کے لیے بھی مختلف شعبوں میں فنڈز جاری کیے گئے ہیں۔ اے آئی پی کے تحت سڑکوں کے شعبے کے لیے 2.3 ارب روپے، صحت کے لیے 1.2 ارب روپے اور ابتدائی و ثانوی تعلیم کے لیے 1 ارب روپے فراہم کیے گئے ہیں۔سیکرٹری خزانہ کے مطابق ضم اضلاع میں امن و امان کے لیے 1.6 ارب روپے اور آبنوشی کے لیے 705 ملین روپے جاری کیے گئے، جبکہ اے ڈی پی کے تحت سڑکوں کے لیے 1.5 ارب روپے، آبپاشی کے لیے 46 کروڑ روپے، امن و امان کے لیے 1.3 ارب روپے اور آبنوشی کے لیے 33 کروڑ روپے جاری کیے گئے ہیں۔محکمہ خزانہ کا کہنا ہے کہ ترقیاتی منصوبوں کے لیے بڑے پیمانے پر فنڈز کا اجرا صوبے میں ترقیاتی سرگرمیوں کو فروغ دینے اور عوامی سہولیات کی بہتری کے لیے اہم پیش رفت ہے۔








