وزیر اعظم ایس ایم ایز کیلئے قرضوں کی فراہمی آسان بنانے کیلئے ذاتی طور پر کوشاں ہیں ،ہارون اختر خان

"وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان کی زیر صدارت سمیڈا کے اعلیٰ سطحی مشاورتی اجلاس میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار (SMEs) کے فروغ، صنعتی ترقی اور کاروباری ماحول کو مزید بہتر بنانے سے متعلق امور پر غور کیا گیا۔”

لاہور۔15جولائی (اے پی پی):وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان کی زیر صدار ت سمال اینڈ میڈیم انٹر پرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سمیڈا)کے زیر اہتمام ایک اعلی سطح کا مشاورتی اجلاس منعقد ہوا۔

جس کا مقصد مائیکرو،سمال اور میڈیم انٹر پرائزز کو مالیاتی وسائل کی آسان فراہمی ممکن بنانا ہے۔ اجلاس میں ملک بھر سے سمال ٹریڈرز اور سمال انڈسسٹریز کے70سے زائد چیمبرز اور ایسوسی ایشنز کے نمائندوں نے آن لائن شرکت کی۔وفاقی سیکرٹری صنعت و پیداوار سیف انجم اور ایڈیشنل سیکرٹری حمیرا ضیا مفتی کے علاوہ سمیڈا کے جنرل مینیجر حسنین جاوید اور دیگر اعلی افسران بھی موجود تھے۔اجلاس کی میزبانی سمیڈا کی چیف ایگزیکٹو آفیسر نادیہ جہانگیر نے کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے معاون خصوصی ہارون اختر خان نے بتا یا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ایس ایم ایز کیلئے قرضوں کی فراہمی کو آسان بنانے کا عزم کر رکھا ہے اور انکی ہدایت پر سٹیٹ بنک آف پاکستان کی شمولیت سے ایک گروپ بھی تشکیل دیا گیا ہے جو ایس ایم ایز کیلئے قرضوں کے اجرا کے عمل کو آسان بنانے کا جائزہ لے رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی ہدایت پر وزارت صنعت و پیداوار،اپنے ادارے سمیڈا کے توسط سے ان عوامل کا گہرائی سے جائزہ لے رہی ہے جو ایس ایم ایز کیلئے بنکوں سے قرضوں کے اجرا میں رکاوٹ ہیں۔انہوں نے بتا یا کہ وزیر اعظم نے ان کمپنیوں کی فہرست طلب کی ہے جن کے قرض کی درخواستیں حال ہی میں بنکوں سے مسترد ہوئیں۔ہارون اختر خان نے ایوانہائے صنعت و تجارت اور سمال انڈسٹریز ایسوسی ایشنوں کے نمائندوں سے اپیل کی کہ وہ ان ایس ایم ایز کی فہرستیں جلد سے جلد سمیڈا کو فراہم کریں جن کے قرضے بنکوں سے منظور نہیں ہو سکے۔انہوں نے امید کی کہ وزیر اعظم کی قیادت میں سٹیٹ بنک آف پاکستان،سمیڈا اور وزارت صنعت و پیداوار ملکر بہت جلد ایس ایم ایز کیلئے بنکوں سے قرضوں کے حصول کے عمل کو سادہ،شفاف اور سبک رفتا بنانے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں بنکوں سے بھی مسترد شد ہ قرضوں کا ریکارڈ حاصل کیا جائے گا اور دیکھا جائے گا کہ مسترد شدہ درخواستیں کن وجوہات کی بنیاد پر مسترد کی گئیں تا کہ ان وجوہات کو دور کرنے کا اہتمام کیا جا سکے۔سی ای او سمیڈا نادیہ جہانگیر سیٹھ نے اجلاس کے شرکا کو بتا یا کہ سمیڈا نے ایک ایس ایم رجسٹریشن پورٹل تشکیل دے رکھا ہے،جس میں تمام غیر رجسٹرڈ ایس ایم ایز کو مفت رجسٹر کیا جا رہا ہے۔اس رجسٹریشن کا مقصد ایس ایم ایز کیلئے مالیات سمیت تمام حکومتی سہولتوں کی رسائی ممکن بنانا ہے۔اجلاس میں سندھ ، پنجاب ،خیبر پختونخوا،بلوچستان، آزاد جموں کشمیر اور گلگت بلتستان سے ایس ایم ایز پر مبنی70 سے زائد چیمبروں اور ایسو سی ایشنوں کے نمائندوں نے فنانسنگ کی راہ میں حائل مشکلات کے بارے میں آگاہ کیا اور انہیں دور کرنے کیلئے اپنی اپنی تجاویز پیش کیں۔سمیڈا کی سی ای او نے یقین دہانی کرائی کی انکی تجاویز کو وزیر اعظم کے معاون خصوصی کی وساطت سے وزیر اعظم تک پہنچایا جائے گا۔

مزید خبریں