آئی سی سی کی مردوں کے عالمی ایونٹس میں بڑی تبدیلیوں کی منظوری

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے بورڈ نے ایڈنبرا میں ہونے والے سالانہ اجلاس میں مردوں کے عالمی ایونٹس کے ٹورنامنٹ فارمیٹس میں بڑی تبدیلیوں کی منظوری دے دی ہے

لاہور۔15جولائی (اے پی پی):انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے بورڈ نے ایڈنبرا میں ہونے والے سالانہ اجلاس میں مردوں کے عالمی ایونٹس کے ٹورنامنٹ فارمیٹس میں بڑی تبدیلیوں کی منظوری دے دی ہے۔ ان تبدیلیوں کا مقصد مقابلوں کو زیادہ مسابقتی، دلچسپ اور اہم بنانا ہے تاکہ کھلاڑیوں اور شائقین دونوں کے لیے عالمی ٹورنامنٹس کا معیار مزید بلند کیا جا سکے۔آئی سی سی نے14 ٹیموں پر مشتمل مینز کرکٹ ورلڈ کپ کے لیے نیا فارمیٹ متعارف کرایا ہے۔ نئے نظام کے تحت ٹورنامنٹ تین مراحل پر مشتمل ہوگا۔ پہلے مرحلے میں درجہ بندی میں 12ویں، 13ویں اور 14ویں نمبر کی ٹیمیں سپر سیریز کھیلیں گی، جس کی فاتح ٹیم دوسرے مرحلے میں پہنچے گی۔ دوسرے مرحلے میں دو گروپس میں چھ، چھ ٹیمیں شامل ہوں گی، جہاں سے ہر گروپ کی تین بہترین ٹیمیں اور دونوں گروپس میں ساتویں بہترین ٹیم سپر7 مرحلے کے لیے کوالیفائی کرے گی۔ سپر7 میں تمام سات ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف کھیلیں گی، جس کے بعد سرفہرست چار ٹیمیں سیمی فائنل میں جگہ بنائیں گی۔ اس تبدیلی کا مقصد ٹورنامنٹ کے آغاز سے ہی ہر میچ کو زیادہ اہم اور فیصلہ کن بنانا ہے۔

آئی سی سی نے مینز ٹی20 ورلڈ کپ کے فارمیٹ میں بھی تبدیلی کی منظوری دی ہے۔ نئے فارمیٹ کے تحت ابتدائی مرحلے میں20 ٹیموں کو پانچ گروپس میں تقسیم کیا جائے گا، جن میں ہر گروپ میں چار ٹیمیں ہوں گی۔ ہر گروپ سے دو ٹیمیں سپر 10 مرحلے میں پہنچیں گی۔ سپر 10 میں دو گروپس ہوں گے، جن میں پانچ، پانچ ٹیمیں شامل ہوں گی۔ ہر گروپ کی پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم براہ راست سیمی فائنل میں پہنچے گی، جبکہ دونوں گروپس کی دوسری اور تیسرے نمبر کی ٹیمیں کراس اوور ایلیمینیٹر میچ کھیلیں گی، جن کے فاتح سیمی فائنل میں جگہ بنائیں گے۔ آئی سی سی کے مطابق اس فارمیٹ سے ٹورنامنٹ کے آخری مراحل تک ہر میچ کی اہمیت برقرار رہے گی اور ابھرتی ہوئی ٹیموں کو بھی آگے بڑھنے کے مزید مواقع ملیں گے۔آئی سی سی نے مینز ٹی20 ورلڈ کپ 2028 کے کوالیفائنگ نظام کی بھی منظوری دی ہے، 2026 کے ٹورنامنٹ میں غیر معمولی کارکردگی کے باعث اسکاٹ لینڈ کو براہ راست یورپ ریجنل فائنل میں شامل کیا جائے گا، جبکہ2026 ورلڈ کپ میں شریک وہ ٹیمیں جو براہ راست اگلے ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی نہیں کر سکیں

انہیں گلوبل کوالیفائر میں جگہ دی جائے گی، باقی آٹھ نشستیں علاقائی مقابلوں کے ذریعے پر کی جائیں گی جن میں افریقہ، ایشیا اور یورپ سے دو، دو جبکہ امریکا اور ایسٹ ایشیا پیسفک سے ایک، ایک ٹیم کوالیفائی کرے گی۔ بعد ازاں ہر ریجن کی بہترین ٹیم کے ساتھ مجموعی طور پر اگلی تین بہترین ٹیمیں کارکردگی کے مقررہ معیار پر پورا اترنے کی صورت میں 2028 کے ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کریں گی۔ آئی سی سی بورڈ نے ایسوسی ایٹ ممالک کے لیے16 ٹیموں پر مشتمل ایک نئے عالمی ٹورنامنٹ کی بھی اصولی منظوری دی ہے، جو مستقبل میں ٹی20 ورلڈ کپ سے قبل منعقد کیا جائے گا۔ تاہم اس نئے ایونٹ کی حتمی منظوری آئی سی سی کی فنانس اینڈ کمرشل افیئرز کمیٹی کے جائزے کے بعد نومبر میں ہونے والے بورڈ اجلاس میں دی جائے گی۔

 

مزید خبریں