مولانا فضل الرحمان کی جانب سے پاک فوج کے شہداء سے متعلق غیر ذمہ دارانہ بیانات مناسب نہیں، انجینئر امیر مقام

"وفاقی وزیر امور کشمیر انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ پاک فوج کے شہداء سے متعلق غیر ذمہ دارانہ بیانات مناسب نہیں، افواجِ پاکستان وطن سے محبت اور قربانی کے جذبے سے سرحدوں کا دفاع کرتی ہیں، جبکہ شہداء اور غازیوں کی قربانیوں پر پوری قوم کو فخر ہے۔”

اسلام آباد۔15جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر امور کشمیر انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کی جانب سے پاک فوج کے شہداء سے متعلق غیر ذمہ دارانہ بیانات مناسب نہیں،جذبہ شہادت اور پاکستان سے وفاداری ہی افواج پاکستان کی اصل طاقت ہے،پاک فوج صرف تنخواہ نہیں، وطن سے محبت اور قربانی کے جذبے سے سرحدوں کا دفاع کرتی ہے،شہداء اور غازیوں کی قربانیوں پر پوری قوم کو فخر ہے، ان کی قدر کرنا ہر پاکستانی کی ذمہ داری ہے۔

سہنسہ سے مسلم لیگ (ن )میں شامل ہونے والوں کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان جیسے سینئر رہنما کو ایسی گفتگو سے گریز کرنا چاہئے۔انجینئرامیر مقام نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) میں شامل ہونے والے رہنماؤں کے اعتماد پر پورا اتریں گے،الیکشن کے بعد بھی کارکنوں اور عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے،نواز شریف اور شہباز شریف کی قیادت پر عوام کے اعتماد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔انجینئر امیر مقام نے کہا کہ ماضی کی کارکردگی اور مستقبل کے وژن کی بنیاد پر لوگ مسلم لیگ (ن) میں شامل ہو رہے ہیں،آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن) کو دو تہائی اکثریت ملنے کی امید ہے،احتجاج ہر شہری کا حق ہے لیکن قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔انجینئر امیر مقام نے کہا کہ حکومت نے عوامی ایکشن کمیٹی کے مطالبات پر مذاکرات اور کمیٹی کے ذریعے پیشرفت کی کوشش کی،12 مہاجر نشستوں کے معاملے پر آئینی دلائل دینے کے بجائے مذاکرات کا بائیکاٹ کیا گیا۔ انجینئرامیر مقام نے کہا کہ پاکستان سے وفاداری کے حلف پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا،موٹروے اور ایکسپریس وے منصوبے آزاد کشمیر کی ترقی میں سنگِ میل ثابت ہوں گے۔سہنسہ سمیت مختلف علاقوں سے بڑی سیاسی شخصیات نے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کی۔وفاقی وزیر امور کشمیر انجنیئر امیر مقام نے تمام رہنماؤں کے گلے میں مفلر پہنا کر پارٹی میں شامل کیا۔امیدوار(ن) لیگ راجہ آصف نے کہا کہ نوابی خاندان، چوہدری یعقوب خاندان اور دیگر بااثر شخصیات کی شمولیت سے کامیابی یقینی ہو گئی۔امیدوار حلقہ سہنسہ راجہ آصف نے امیر مقام کو انتخابی جلسے کے لئے حلقہ سہنسہ آنے کی دعوت دے دی۔شمولیتی تقریب میں مسلم کانفرنس، پی ٹی آئی اور دیگر جماعتوں سے تعلق رکھنے والے رہنماؤں نے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کی۔شامل ہونے والے رہنماؤں نے میاں نواز شریف اور انجینئر امیر مقام کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔مقررین نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) ہی آزاد کشمیر کی ترقی اور عوامی مسائل کے حل کی ضامن جماعت ہے۔تقریب میں نوابی خاندان چوہدری یعقوب خاندان، چوہدری حبیب، چوہدری منظور ایڈووکیٹ، لالہ قدر زمان، چوہدری بشیر، چوہدری نثار یعقوب اور دیگر شخصیات نے ساتھیوں سمیت شمولیت کا اعلان کیا گیا جبکہ رہنمائوں نے کہا ہے کہ کوٹلی ڈویژن میں پارٹی مضبوط پوزیشن میں ہے اور متعدد نشستوں پر کامیابی حاصل کرے گی۔تقریب میں مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے سینئر رہنما چوہدری عبدالرحمن آرائیں، کوٹلی سہنسہ سے امیدوار راجہ آصف، ایڈیشنل سیکرٹری اطلاعات سردار مظہر محبوب ایڈووکیٹ، راجہ افتخار احمد خان، ضلعی صدر راجہ ادریس حیات، طاہر بسمل ایڈووکیٹ، راجہ ممتاز فضل داد ایڈووکیٹ، چوہدری ریاض شاہد، چوہدری رشید، چیئرمین راجہ عبدالقیوم خان، نظر محبوب، سردار طارق سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

مزید خبریں