پاکستان سول ایوارڈز 2026 کے لیے سوشل ویلفیئر، فلاحی خدمات اور عوامی خدمت سے متعلق ذیلی کمیٹی کا اجلاس

"پاکستان سول ایوارڈز 2026 کے لیے سوشل ویلفیئر، فلاحی خدمات اور عوامی خدمت سے متعلق ذیلی کمیٹی کا اجلاس وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں نامزدگیوں اور متعلقہ امور کا جائزہ لیا گیا۔”

اسلام آباد۔15جولائی (اے پی پی):پاکستان سول ایوارڈز 2026 کے لیے سوشل ویلفیئر، فلاحی خدمات اور عوامی خدمت سے متعلق ذیلی کمیٹی کا اجلاس بدھ کو یہاں وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کی زیر صدارت کابینہ ڈویژن، اسلام آباد میں منعقد ہوا۔

وزارت انسانی حقوق سے جاری پریس ریلیز کے مطابق اجلاس میں ذیلی کمیٹی کے نائب چیئرمین و سیکرٹری وزارتِ انسانی حقوق عبدالخالق شیخ، سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن بیرسٹر نبیل احمد اعوان، کابینہ ڈویژن کے سینئر حکام، ذیلی کمیٹی کے اراکین کے علاوہ تمام صوبوں و علاقوں کے نمائندوں اور چیف سیکرٹریز نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔اجلاس کے دوران پاکستان سول ایوارڈز 2026 کے لیے مختلف نامزدگی کرنے والے اداروں کی جانب سے موصول ہونے والی سفارشات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ۔ کمیٹی نے سماجی بہبود، فلاحی خدمات اور عوامی خدمت کے شعبوں میں نمایاں اور غیر معمولی خدمات انجام دینے والے افراد کی نامزدگیوں کا مقررہ معیار کے مطابق جائزہ لیا۔اجلاس میں اس امر کا اعادہ کیا گیا کہ تمام نامزدگیوں کا جائزہ منظور شدہ پالیسی، ٹرمز آف ریفرنس اور مقررہ معیار کے مطابق لیا جائے گا، جبکہ سفارشات صرف غیر معمولی صلاحیت، دیانتداری اور قومی سطح پر نمایاں خدمات کی بنیاد پر مرتب کی جائیں گی۔ اس عمل میں شفافیت، غیر جانبداری اور میرٹ کو ہر صورت یقینی بنانے پر بھی زور دیا گیا۔کمیٹی نے اس امر پر بھی زور دیا کہ نامزدگیوں کے عمل میں تمام صوبوں کی متوازن نمائندگی کے ساتھ ساتھ خواتین، اقلیتوں اور معذور افراد کی مناسب نمائندگی کو بھی یقینی بنایا جائے تاکہ قومی یکجہتی، شمولیت اور مساوی مواقع کے اصولوں کو فروغ دیا جا سکے۔اجلاس کے اختتام پر چیئرمین نے ہدایت کی کہ تمام نامزدگیوں کی جانچ پڑتال مقررہ معیار کے مطابق جلد مکمل کی جائے تاکہ ذیلی کمیٹی کی سفارشات بروقت مجاز اتھارٹی کو پیش کی جا سکیں۔

مزید خبریں