"پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی کرکٹرز کے طویل دورانیے کے تربیتی کیمپس میں فٹنس، ردِعمل اور ذہنی چستی بہتر بنانے کے لیے پیڈل اسپورٹس کھیلنا لازمی قرار دے دیا ہے۔”
پی سی بی نے قومی کرکٹرز کے طویل دورانیہ تربیتی کیمپس کے دوران پیڈل سپورٹس کھیلنا لازمی قرار دیدیا

مزید خبریں
لاہور۔15جولائی (اے پی پی):پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی کرکٹرز کے طویل دورانیے کے تربیتی کیمپس کے دوران پیڈل اسپورٹس کھیلنا لازمی قرار دے دیا ہے۔
نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں اس کھیل کی سہولت بھی فراہم کر دی گئی ہے تاکہ کھلاڑی اپنی فٹنس اور جسمانی چستی بہتر بنا سکیں۔اس سلسلہ میں ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس عاقب جاوید نے بتایا کہ ماضی میں قومی کرکٹرز کو پیڈل کھیلنے کے لیے اکیڈمی سے باہر جانا پڑتا تھا،تاہم اب یہ سہولت نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے اندر ہی دستیاب ہے۔ انہوں نے کہاکہ پیڈل ایک آسان، دلچسپ اور فٹنس کے لیے موثر کھیل ہے، اس لیے طویل تربیتی کیمپس کے دوران کھلاڑیوں کو ہر دوسرے روز تقریبا 40 منٹ تک پیڈل کھیلنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ مسلسل کرکٹ پریکٹس کے ساتھ متبادل کھیلوں کی سرگرمیاں کھلاڑیوں کی جسمانی اور ذہنی تازگی برقرار رکھنے میں مدد دیتی ہیں، پیڈل میں تیز موومنٹ اور ردعمل کی ضرورت ہوتی ہے، جس کا براہ راست فائدہ کرکٹرز کی فیلڈنگ اور مجموعی کارکردگی پر پڑتا ہے۔عاقب جاوید نے مزید بتایا کہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں باسکٹ بال کورٹس بھی منصوبے کا حصہ ہیں، جبکہ کھلاڑیوں کے لیے ایک جدید گیم روم بھی قائم کیا جا رہا ہے جہاں اسنوکر سمیت دیگر تفریحی اور انڈور کھیلوں کی سہولت موجود ہوگی۔انہوں نے کہا کہ دنیا کے کئی کامیاب کھلاڑی اپنے بنیادی کھیل کے ساتھ دیگر کھیلوں میں بھی حصہ لیتے ہیں، جس سے ان کی فٹنس، مہارت اور مجموعی کارکردگی میں بہتری آتی ہے۔ اسی تصور کے تحت قومی کرکٹرز کو بھی متبادل کھیلوں کی سرگرمیوں میں شامل کیا جا رہا ہے تاکہ انہیں بہترین تربیتی ماحول فراہم کیا جا سکے۔








