"نجکاری کمیشن اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے درمیان اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی آؤٹ سورسنگ کے لیے مالیاتی مشاورتی خدمات کے معاہدے پر دستخط کر دیے گئے، جس کا مقصد ہوائی اڈے کے انتظام اور کارکردگی کو مزید مؤثر بنانا ہے۔”
نجکاری کمیشن اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے درمیان اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی آئوٹ سورسنگ کے لیے مالیاتی مشاورتی خدمات کے معاہدے پر دستخط

مزید خبریں
اسلام آباد۔15جولائی (اے پی پی):نجکاری کمیشن اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے درمیان اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی آئوٹ سورسنگ کے لیے مالیاتی مشاورتی خدمات کے معاہدے پر دستخط کر دیئے گئے ۔
وزارت نجکاری کے جاری بیان کے مطابق بدھ کے روز نجکاری کمیشن آف پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کے مابین ٹرانزیکشن ایڈوائزری سروسز کے معاہدے (ٹی اے ایس اے) پر دستخط ہوئے جس کے تحت ایشیائی ترقیاتی بینک اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی آئوٹ سورسنگ کے لیے مالیاتی مشیر کے طور پر کام کرے گا۔ معاہدے پر ایما فین کنٹری ڈائریکٹر، ایشیائی ترقیاتی بینک، پاکستان ریزیڈنٹ مشن اور شاہد دایو ڈائریکٹر جنرل، نجکاری کمیشن نے اپنے اداروں کی جانب سے دستخط کیے۔ معاہدے کے تحت، ایشیائی ترقیاتی بینک لین دین کی جامع مشاورتی خدمات فراہم کرے گا جس میں تکنیکی، مالی، قانونی، ماحولیاتی اور تجارتی مہارت پر مبنی خدمات فراہم کی جائیں گی جس سے بہترین بین الاقوامی طریقوں کے مطابق لین دین کو عملی جامہ پہنانے میں معاونت حاصل ہو گی۔ ایشیائی ترقیاتی بینک کی خدمات کے تحت ایک شفاف، مسابقتی، اور مارکیٹ کے مطابق نجکاری کے عمل میں سہولت فراہم ہو گی جس سے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے معروف آپریٹرز اور سرمایہ کاروں کو راغب کرنے میں مدد ملے گی ۔معاہدے پر دستخط حکومت کے نجکاری پروگرام کے نفاذ میں ایک اہم سنگ میل کی مانند ہیں۔ یہ معاہدہ حکومت پاکستان کی جانب سے شفافیت، مسابقت اور قدر کو یقینی بناتے ہوئے نجی شعبے کے اشتراک سے اسلام آباد کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کی کارکردگی، سروس کے معیار اور طویل مدتی پائیداری کو بڑھانے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے ۔دستخط کی تقریب میں وزیر اعظم کے مشیر برائے نجکاری اور چیئرمین نجکاری کمیشن محمد علی، سیکرٹری نجکاری کمیشن، عثمان اختر باجوہ، سیکرٹری نجکاری ڈویژن، حماد شمیمی، سید حسین حیدر، ڈپٹی کنٹری ڈائریکٹر، ایشیائی ترقیاتی بینک، پاکستان ریذیڈنٹ مشن کے علاوہ نجکاری کمیشن اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے سینئر حکام نے شرکت کی۔







