پنجاب حکومت اقلیتوں کے مساوی حقوق و خوشحالی کیلئے کاوشیں جاری رکھے گی،رمیش سنگھ اروڑہ

"صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور پنجاب سردار رمیش سنگھ اروڑہ کے اعزاز میں سڈنی میں آسٹریلین پاکستان بزنس کمیونٹی نے استقبالیہ عشائیہ منعقد کیا، جس میں کاروباری، سماجی اور کمیونٹی رہنماؤں نے شرکت کرتے ہوئے پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تعاون اور روابط کے فروغ پر زور دیا۔”

لاہور۔15جولائی (اے پی پی):صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور پنجاب سردار رمیش سنگھ اروڑہ کے اعزاز میں سڈنی میں آسٹریلین پاکستان بزنس کمیونٹی کی جانب سےپروقار استقبالیہ عشائیے کا انعقاد کیا گیا، جس میں کاروباری، سماجی اور کمیونٹی رہنمائوں نے شرکت کی۔

تقریب کے دوران آسٹریلین پاکستان بزنس کمیونٹی نے سردار رمیش سنگھ اروڑہ کی اقلیتوں کی فلاح، بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ اور سماجی ہم آہنگی کے لیے انجام دی جانے والی نمایاں خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر انہیں ان خدمات کے اعتراف میں آسٹریلین پاکستان بزنس کمیونٹی ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے پاکستان اور آسٹریلیا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ شرکاء نے عوامی روابط، بین المذاہب ہم آہنگی، باہمی تعاون اور مثبت سماجی اقدار کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا۔اس موقع پر صوبائی وزیر سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے اعزاز حاصل کرنے پر آسٹریلین پاکستان بزنس کمیونٹی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ اعزاز دراصل وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی اقلیت دوست پالیسیوں، ویژن اور قیادت پر عالمی اعتماد کا اظہار ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر پنجاب میں اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ، مذہبی آزادی اور فلاح و بہبود کے لیے تاریخی اقدامات کیے جا رہے ہیں، جنہیں عالمی سطح پر سراہا جا رہا ہے۔سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے مزید کہا کہ سڈنی میں ملنے والا یہ اعزاز نہ صرف پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرتا ہے بلکہ وزیراعلی ٰپنجاب کے اقلیت دوست ویژن کی بین الاقوامی سطح پر پذیرائی کی بھی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پنجاب حکومت تمام اقلیتوں کے مساوی حقوق، ترقی اور خوشحالی کے لیے اپنی کاوشیں جاری رکھے گی۔

مزید خبریں