دریاخان،تحصیل بار ایسوسی ایشن کے وفد کی ڈپٹی کمشنر بھکر سے ملاقات

تحصیل بار ایسوسی ایشن دریاخان کے صدر ملک ایاز نون ایڈووکیٹ اور جنرل سیکرٹری رانا شعیب منور ایڈووکیٹ نے ڈپٹی کمشنر بھکر احسان علی جمالی سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔

دریاخان۔ 16 جولائی (اے پی پی):تحصیل بار ایسوسی ایشن دریاخان کے صدر ملک ایاز نون ایڈووکیٹ اور جنرل سیکرٹری رانا شعیب منور ایڈووکیٹ نے ڈپٹی کمشنر بھکر احسان علی جمالی سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران تحصیل بار دریاخان سے متعلق مختلف انتظامی، قانونی اور فلاحی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ وکلاء برادری کو درپیش مسائل، عدالتی سہولیات اور بار و ضلعی انتظامیہ کے درمیان باہمی تعاون کو مزید مؤثر بنانے پر بھی گفتگو ہوئی۔اس موقع پر تحصیل بار ایسوسی ایشن کے عہدیداران نے ڈپٹی کمشنر کو وکلاء برادری کو درپیش مسائل بار سے متعلق ضروری سہولیات اور انتظامی معاملات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ وکلاء انصاف کی فراہمی کے نظام کا بنیادی ستون ہیں، اس لیے بار اور ضلعی انتظامیہ کے درمیان مضبوط رابطہ اور باہمی تعاون عوامی مفاد میں انتہائی ضروری ہے۔ڈپٹی کمشنر بھکر احسان علی جمالی نے تحصیل بار ایسوسی ایشن کے وفد کی تجاویز اور مطالبات کو توجہ سے سنا اور یقین دہانی کرائی کہ تحصیل بار دریاخان کو درپیش جائز مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ وکلاء برادری کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھے گی اور ایسے تمام معاملات جن کا تعلق انتظامی سطح پر ہے، انہیں جلد از جلد نمٹانے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے۔