ڈپٹی کمشنر اٹک کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول کمیٹی کا اجلاس

ڈپٹی کمشنر اٹک ڈاکٹر مدثر احمد شاہ کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنر آفس اٹک میں ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔

اٹک۔ 16 جولائی (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر اٹک ڈاکٹر مدثر احمد شاہ کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنر آفس اٹک میں ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو)، اسسٹنٹ کمشنرز، محکمہ خوراک، محکمہ زراعت، مارکیٹ کمیٹی، متعلقہ ضلعی محکموں کے افسران، تاجروں کے نمائندگان اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس کا مقصد ضلع اٹک میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کا جائزہ لینا اور عوام کو مناسب نرخوں پر معیاری اشیائے خورونوش کی فراہمی کو یقینی بنانا تھا۔اجلاس کے دوران آٹا، چینی، گھی، کوکنگ آئل، دودھ، دہی، دالیں، بیسن، چاول، سبزیاں، پھل، مرغی، بیف، مٹن اور دیگر اشیائے ضروریہ کی موجودہ قیمتوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر راولپنڈی سمیت پنجاب کے دیگر اضلاع میں رائج نرخوں کا تقابلی جائزہ بھی پیش کیا گیا، جس کی روشنی میں ضلع اٹک کے لیے متوازن اور مناسب نرخ مقرر کیے گئے تاکہ تاجروں کے جائز مفادات بھی محفوظ رہیں اور عوام پر غیر ضروری مالی بوجھ بھی نہ پڑے۔ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر مدثر احمد شاہ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کے مطابق عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ محکمے مقرر کردہ نرخوں پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس روزانہ کی بنیاد پر مارکیٹوں کے دورے کریں۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ ناجائز منافع خوری، گراں فروشی، ذخیرہ اندوزی اور مصنوعی قلت پیدا کرنے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ تمام دکانداروں کو سرکاری نرخ نامے نمایاں جگہوں پر آویزاں کرنے کی بھی ہدایت جاری کی گئی تاکہ عوام مقررہ قیمتوں سے آگاہ رہ سکیں