ہیٹ ویو اور ڈینگی سے بچاؤ کیلئے خصوصی انتظامات یقینی بنائیں ،ڈپٹی کمشنر بھکر

ڈپٹی کمشنربھکر احسان علی جمالی کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ہیلتھ کونسل کا اجلاس منعقد ہوا۔

بھکر۔16 جولائی (اے پی پی):ڈپٹی کمشنربھکر احسان علی جمالی کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ہیلتھ کونسل کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر مظہرعباس بلوچ اوردیگر افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں ہیٹ سٹروکس اور انسداد ڈینگی سے بچاؤ کے حوالہ سے ضلع میں جاری اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ڈپٹی کمشنر احسان علی جمالی نے کہا کہ گرمی کی شدت کے پیش نظر ہیٹ ویو سے متاثرہ مریضوں کیلئے خصوصی کاؤنٹرز،ضروری ادویات، ٹھنڈے پانی اور دیگر حفاظتی انتظامات ہمہ وقت یقینی بنائے جائیں جبکہ شہریوں میں احتیاطی تدابیر سے متعلق بھرپور آگاہی مہم بھی چلائی جائے۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ ہسپتالوں میں صفائی ستھرائی، طبی آلات کی فعالیت،ادویات کی وافر دستیابی اور طبی عملے کی حاضری پرخصوصی توجہ مرکوز رکھی جائے۔ڈپٹی کمشنراحسان علی جمالی نے کہا کہ حکومت پنجاب کے وژن کے مطابق عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی ہرصورت یقینی بنائی جائے۔