خیبر پختونخوا کے وزیر مواصلات و تعمیرات سے عوامی وفود کی ملاقاتیں، مسائل کے فوری حل کی ہدایت

خیبر پختونخوا کے وزیر مواصلات و تعمیرات شکیل احمد نے اپنے دفتر پشاور میں صوبے کے مختلف اضلاع سے آئے ہوئے عوامی وفود سے ملاقاتیں کیں

پشاور۔ 17 جولائی (اے پی پی):خیبر پختونخوا کے وزیر مواصلات و تعمیرات شکیل احمد نے اپنے دفتر پشاور میں صوبے کے مختلف اضلاع سے آئے ہوئے عوامی وفود سے ملاقاتیں کیں۔محکمہ مواصلات خیبرپختونخوا تر جمان کے مطابق ملاقاتوں کے دوران وفود نے اپنے علاقوں کو درپیش مسائل، ترقیاتی منصوبوں، سڑکوں کی تعمیر و بحالی اور دیگر عوامی امور سے متعلق تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔صوبائی وزیر نے وفود کے مسائل کو غور سے سنا اور متعدد مسائل کے حل کے لیے موقع پر ہی متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات جاری کیں جبکہ دیگر معاملات کو ترجیحی بنیادوں پر جلد از جلد حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

اس موقع پر شکیل احمد نے کہا کہ عوام کو ان کی دہلیز پر بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور شہریوں کے جائز مسائل کے بروقت حل کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی نمائندوں اور سرکاری اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ ہی عوامی خدمت کو مزید بہتر بنا سکتا ہے۔صوبائی وزیر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ عوامی شکایات اور درخواستوں پر بلا تاخیر کارروائی کی جائے اور ہر مسئلے کو میرٹ، شفافیت اور قانون کے مطابق حل کیا جائے تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ خیبر پختونخوا میں عوامی خدمت، ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری دیانتداری اور بھرپور انداز میں ادا کرتی رہے گی۔