اسلام آباد ٹریفک پولیس نے لین کی خلاف ورزی پر 05 ہزار سے زائد ڈرائیورز کے خلاف قانونی کارروائیاں کی ہیں،چیف ٹریفک آفیسر اسلام آباد

اسلام آباد ٹریفک پولیس نے لین کی خلاف ورزی پر 05 ہزار سے زائد ڈرائیورز کے خلاف قانونی کارروائیاں کی ہیں،چیف ٹریفک آفیسر اسلام آباد

اسلام آباد۔17جولائی (اے پی پی):چیف ٹریفک آفیسر اسلام آباد پولیس کائنات اظہر خان نے کہا ہے کہ اسلام آباد ٹریفک پولیس نے لین کی خلاف ورزی پر 05 ہزار سے زائد ڈرائیورز کے خلاف قانونی کارروائیاں کی ہیں۔آئی ٹی پی ایجوکیشن ونگ نے ایک لاکھ سے زائد شہریوں کو روڈ سیفٹی سے آگاہی بھی فراہم کی۔لین وائیلیشن، رانگ وے اور بغیر ہیلمٹ ڈرائیونگ جان لیوا ثابت ہو سکتی ہے،ٹریفک قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں پر بلاامتیاز قانونی کارروائیاں جاری رہیں گی۔پولیس ترجمان کے مطابق سی ٹی او کائنات اظہر خان نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت میں ٹریفک قوانین پر موثر عملدرآمد، روڈ سیفٹی کے فروغ، ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے اور حادثات کی روک تھام کے لیے اسلام آباد ٹریفک پولیس کی جانب سے لین وائیلیشن کے خلاف خصوصی انفورسمنٹ مہم بھرپور انداز میں جاری ہے۔

اس مہم کے دوران گزشتہ ایک ہفتے میں لین کی خلاف ورزی کرنے والے 5,000 سے زائد ڈرائیورز کے خلاف قانونی کارروائی کرتے ہوئے چالان ٹکٹ جاری کیے گئے جبکہ اسلام آباد ٹریفک پولیس کےایجوکیشن ونگ نے شہر کی مختلف شاہراہوں، تعلیمی اداروں اور عوامی مقامات پر خصوصی آگاہی مہم کے ذریعے ایک لاکھ سے زائد شہریوں کو لین ڈسپلن، روڈ سیفٹی اور ٹریفک قوانین کی اہمیت سے آگاہ کیا۔شہریوں میں ٹریفک قوانین سے متعلق شعور اجاگر کرنے کے لیے اسلام آباد ٹریفک پولیس کے زیر اہتمام آگاہی واک کا بھی انعقاد کیا گیا، جو جناح ایونیو سے ایکسپریس چوک تک نکالی گئی۔ واک میں چیف ٹریفک آفیسر اسلام آباد کائنات اظہر خان، ڈائریکٹر آئی ٹی پی ایف ایم عائشہ جمیل، سول سوسائٹی کے نمائندگان، صحافیوں، طلبہ وطالبات اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کے عزم کا اظہار کیا۔آگاہی واک کے اختتام پر سی ٹی او اسلام آباد نے کہا کہ لین وائیلیشن، رانگ وے ڈرائیونگ، بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانا، غیر نمونہ نمبر پلیٹس، غلط پارکنگ اور اوورلوڈنگ نہ صرف ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی ہیں بلکہ یہ اپنی اور دوسروں کی جانوں کو بھی شدید خطرے میں ڈالتی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد ٹریفک پولیس ٹریفک قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں پر بلاامتیاز قانونی کارروائیاں جاری رکھے گی اور کسی کو بھی شہریوں کی جان و مال کو خطرے میں ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔سی ٹی او اسلام آباد نے مزید کہا کہ روڈ سیفٹی ورکشاپس، آگاہی واکس اور دیگر تعلیمی سرگرمیوں کا مقصد شہریوں میں ٹریفک قوانین سے متعلق شعور بیدار کرنا اور ذمہ دارانہ ڈرائیونگ کے کلچر کو فروغ دینا ہے۔ شہری لین ڈسپلن کی پابندی کریں، رانگ وے سے اجتناب کریں، ہیلمٹ اور سیٹ بیلٹ کا استعمال یقینی بنائیں، جبکہ غیر نمونہ نمبر پلیٹس، غلط پارکنگ اور اوورلوڈنگ سے گریز کریں تاکہ محفوظ اور منظم ٹریفک نظام کو فروغ دیا جا سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد ٹریفک پولیس کا ایجوکیشن ونگ شہر بھر میں روڈ سیفٹی سے متعلق آگاہی سرگرمیاں مسلسل جاری رکھے ہوئے ہے جبکہ ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ بننے والے اور قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائیاں بھی جاری رہیں گی۔اسلام آباد ٹریفک پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ٹریفک قوانین پر عمل کرتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تعاون کریں تاکہ وفاقی دارالحکومت کو محفوظ، منظم اور حادثات سے پاک شہر بنایا جا سکے۔