وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا ہے کہ15 سال بعد بلھے شاہ ایکسپریس کا لاہور سے دوبارہ آغاز کیا جا رہا ہے جس کی عوام میں طویل عرصے سے شدید طلب موجود تھی
بلھے شاہ ایکسپریس کا افتتاح، لاہور سے واہگہ اور راوی ایکسپریس بھی جلد چلائیں گے،وفاقی وزیر ریلوے

مزید خبریں
لاہور۔17جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا ہے کہ15 سال بعد بلھے شاہ ایکسپریس کا لاہور سے دوبارہ آغاز کیا جا رہا ہے جس کی عوام میں طویل عرصے سے شدید طلب موجود تھی۔انہوں نے اعلان کیا کہ لاہور سے واہگہ شٹل ٹرین اور راوی ایکسپریس بھی جلد شروع کی جائے گی جبکہ راوی ایکسپریس رواں ماہ کی25 یا30 تاریخ تک چلانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ بلھے شاہ ایکسپریس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان ریلوے ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور مسافروں کو بہتر سفری سہولتیں فراہم کرنے کے لیے مختلف منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئی کوچز اور لوکوموٹیوز کی شمولیت سے ریلوے کی استعداد میں نمایاں اضافہ ہوگا۔32 کے بجائے64 نئی کوچز شامل کی جا رہی ہیں جبکہ دو،دو لوکوموٹیوز کی اوورہالنگ کا عمل بھی جاری ہے۔
انہوں نے بتایا کہ43 جی ای یو لوکوموٹیوز کو فریٹ آپریشن کے لیے وقف کیا جائے گا جس سے ریلوے کی آمدن میں کم از کم32 فیصد اضافہ متوقع ہے۔حنیف عباسی نے کہا کہ اگرچہ کوچز اور پاور پلانٹس کی کمی کا سامنا ہے تاہم اگست تک مزید کوچز آپریشنل کر دی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی مریم نواز کی جانب سے لاہور ریلوے اسٹیشن کی اپ گریڈیشن کے لیے دو ارب روپے فراہم کیے گئے ہیں جبکہ شاہدرہ سے رائیونڈ تک منصوبے کے لیے بھی پنجاب حکومت مالی معاونت کرے گی۔انہوں نے کہا کہ خانیوال، راولپنڈی اور گوجرانوالہ ریلوے اسٹیشنز کو جدید خطوط پر استوار کیا گیا ہے اور اب یہ اسٹیٹ آف دی آرٹ سہولتوں سے آراستہ ہیں۔سیف اینڈ سمارٹ ریلوے اسٹیشن منصوبے کے تحت ایف ڈبلیو او کے تعاون سے راولپنڈی ریلوے اسٹیشن پر 184 کیمرے نصب کیے جا چکے ہیں جبکہ دوسرے مرحلے میں لاہور، ملتان، خانیوال اور کراچی ریلوے اسٹیشنز پر بھی جدید کیمروں کی تنصیب کی جائے گی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ٹرین کراسنگ گیٹس کے معاملے پر پہلے صوبوں سے موثر رابطہ نہیں کیا گیا تاہم اب سندھ اور خیبرپختونخوا حکومتوں سے بھی اس حوالے سے بات کی جائے گی تاکہ ریلوے کراسنگز کو مزید محفوظ بنایا جا سکے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اپنے دورِ وزارت میں ایم ایل ون اور ایم ایل تھری منصوبوں کی تکمیل کے لیے بھرپور کوشش کی جائے گی۔اس موقع پر وفاقی وزیر مملکت برائے ریلوے ملک رشید احمد نے کہا کہ انہوں نے تین ماہ قبل لاہور سے پاکپتن تک ٹرین بحال کرنے کی ضرورت پر زور دیا تھا اور خوشی ہے کہ 15 سال سے بند بلھے شاہ ایکسپریس دوبارہ چلائی جا رہی ہے جس سے علاقے کے عوام کو سفری مشکلات سے نجات ملے گی۔انہوں نے کہا کہ ریلوے کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئی ہے اور ادارے کی آمدن115 ارب روپے سے تجاوز کر چکی ہے۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ بلھے شاہ ایکسپریس سے بھرپور استفادہ کریں،ٹکٹ لیکر سفر کریں اور اس ٹرین کو کامیاب بنانے میں ریلوے کا ساتھ دیں۔








