نرسیں صحت کے نظام کا بنیادی ستون ہیں، ڈاکٹر طارق

میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر طارق عبدالرحمن چوہدری نے کہا ہے کہ نرسیں صحت کے نظام کا بنیادی ستون ہیں، مریضوں کی معیاری نگہداشت، طبی غلطیوں کی روک تھام، اسپتال میں انفیکشن کے پھیلاؤ میں کمی علاج کے بہتر نتائج یقینی بنانے میں انکا کردار انتہائی اہم ہے۔

سیالکوٹ۔ 17 جولائی (اے پی پی):میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر طارق عبدالرحمن چوہدری نے کہا ہے کہ نرسیں صحت کے نظام کا بنیادی ستون ہیں، مریضوں کی معیاری نگہداشت، طبی غلطیوں کی روک تھام، اسپتال میں انفیکشن کے پھیلاؤ میں کمی علاج کے بہتر نتائج یقینی بنانے میں انکا کردار انتہائی اہم ہے۔ معیاری طبی خدمات کی فراہمی، پیشہ ورانہ ذمہ داری، مسلسل تربیت، جدید اصولوں پر عمل درآمد کے ذریعے ہی عوام کا اعتماد مزید مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ علامہ اقبال میموریل ٹیچنگ ہسپتال سیالکوٹ میں نرسنگ اسٹاف کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے، مریضوں کی حفاظت معیاری طبی خدمات کے فروغ کے لیے منعقدہ آگاہی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔منعقدہ تقریب میں نرسنگ سپرنٹنڈنٹ، سینئر نرسنگ انسٹرکٹرز، نرسنگ اسٹاف ٹرینی نرسز سمیت ایک سو سے زائد شرکاء نے شرکت کی۔ اس موقع پر مریضوں کی حفاظت، کم از کم سروس ڈلیوری اسٹینڈرڈز (MSDS)، معیاری طبی خدمات اور ریگولیٹری تقاضوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر طارق عبدالرحمن چوہدری نے اپنے خطاب میں نرسنگ اسٹاف پر زور دیا کہ وہ مسلسل سیکھنے، پیشہ ورانہ مہارتوں میں اضافے مریض دوست رویوں کو اپنی ترجیح بنائیں تاکہ ہسپتال میں آنے والے ہر مریض کو محفوظ، باوقار معیاری طبی سہولیات میسر آ سکیں۔ سیشن کے دوران شرکاء کو ریگولیٹری تقاضوں، معیارِ خدمات، مریضوں کی حفاظت کوالٹی اشورنس کے مختلف پہلوؤں سے بھی آگاہ کیا گیا جبکہ سوال و جواب کی نشست میں شرکاء کے استفسارات کے تسلی بخش جوابات دیئے گئے۔ اس موقع پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر طارق عبدالرحمن چوہدری نے کہا کہ گورنمنٹ علامہ اقبال میموریل ٹیچنگ ہسپتال سیالکوٹ میں نرسنگ اسٹاف کی پیشہ ورانہ استعداد میں اضافے، معیاری طبی خدمات اور مریضوں کی حفاظت کے فروغ کے لیے اس نوعیت کی تربیتی سرگرمیاں آئندہ بھی باقاعدگی سے جاری رکھی جائیں گی۔