اراولپنڈی میں بجلی چوری کا نیٹ ورک بے نقاب، مقدمہ درج

آئیسکو سب ڈویژن ڈھوک کالا خان کے ایس ڈی او سید اقبال شاہ نے اقبال ٹاؤن میں بجلی چوری کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے مبینہ طور پر طویل عرصے سے جاری بجلی چوری کا نیٹ ورک بے نقاب کیا ہے۔

راولپنڈی۔17جولائی (اے پی پی):آئیسکو سب ڈویژن ڈھوک کالا خان کے ایس ڈی او سید اقبال شاہ نے اقبال ٹاؤن میں بجلی چوری کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے مبینہ طور پر طویل عرصے سے جاری بجلی چوری کا نیٹ ورک بے نقاب کیا ہے۔ کارروائی کے بعد تھانہ صادق آباد میں ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔ترجمان کے مطابق ایس ڈی او سید اقبال شاہ نے خفیہ اطلاع پر اپنی ٹیم کے ہمراہ اقبال ٹاؤن، گلی نمبر 3، مکان نمبر 26 پر اچانک چھاپہ مارا جہاں صارف کبیر ولد شیخ عبدالوحید (کنکشن ریفرنس نمبر 11143161847301، میٹر نمبر 184730) کو آئیسکو کی لائن سے براہِ راست کنڈا لگا کر بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑا گیا۔

کارروائی کے دوران بجلی چوری کے ثبوت کے طور پر تصاویر اور ویڈیوز ریکارڈ کی گئیں جبکہ کنڈا اور میٹر قبضے میں لے لیا گیا۔ ابتدائی تخمینے کے مطابق اس مبینہ بجلی چوری سے آئیسکو کو تقریباً پانچ لاکھ روپے کا نقصان پہنچا۔ایس ڈی او کی مدعیت میں تھانہ صادق آباد پولیس نے بجلی ایکٹ کی دفعہ 462-I کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔اس موقع پر ایس ڈی او سید اقبال شاہ نے کہا کہ بجلی چوری کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عملدرآمد جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمے کے اندر موجود کالی بھیڑوں اور بیرونی عناصر، دونوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی تاکہ ایماندار صارفین کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔