وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق عوامی سہولیات کی فراہمی، شہری خوبصورتی اور فلاحی منصوبوں کے فروغ کے سلسلے میں ڈپٹی کمشنر بھکر احسان علی جمالی نے دریاخان میں کچہری چوک اور مسافر خانے کا افتتاح کیا
ڈپٹی کمشنر بھکر کا کچہری چوک اور مسافر خانے کا افتتاح

مزید خبریں
دریاخان۔ 17 جولائی (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق عوامی سہولیات کی فراہمی، شہری خوبصورتی اور فلاحی منصوبوں کے فروغ کے سلسلے میں ڈپٹی کمشنر بھکر احسان علی جمالی نے دریاخان میں کچہری چوک اور مسافر خانے کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر دریاخان رانا محمد شفیق، تحصیلدار قیوم خان نیازی، معززین شہر، تاجر رہنما اور شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔کچہری چوک کا افتتاح مرکزی انجمن تاجران دریاخان کے صدر ملک محمد شاہد اقبال، جنرل سیکرٹری ملک خدابخش کھیمٹہ اور سیاسی رہنما مخدوم جواد قریشی نے ڈپٹی کمشنر کے ہمراہ کیا، جبکہ مسافر خانے کا افتتاح منتخب انجمن تاجران دریاخان کے صدر غلام علی انصاری، جنرل سیکرٹری ملک نذیر احمد کھیمٹہ، چوہدری عبدالحمید، محمد دانش انصاری اور مرزا محمد عمران نے فیتہ کاٹ کر کیا۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر احسان علی جمالی نے کہا کہ کچہری چوک کی تزئین و آرائش اور مسافر خانے کے قیام کا مقصد شہریوں اور بالخصوص عدالت میں پیشیوں اور سرکاری امور کے سلسلے میں آنے والے سائلین کو بہتر، باوقار اور آرام دہ سہولیات فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسافر خانہ دور دراز سے آنے والے سائلین کے لیے بیٹھنے، آرام کرنے اور شدید موسم سے تحفظ کی مناسب سہولت فراہم کرے گا، جو عوامی خدمت کے جذبے کا عملی اظہار ہے۔ڈپٹی کمشنر نے تاجر برادری کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہر مخیر شخصیت کو اپنے شہر کی تعمیر و ترقی، خوبصورتی اور فلاح و بہبود کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ دریاخان کو سرسبز، صاف ستھرا اور مثالی شہر بنانے کے لیے تحصیل انتظامیہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق تسلسل سے کام کر رہی ہے۔
انہوں نے شہریوں اور مخیر حضرات سے اپیل کی کہ شدید گرمی کے پیش نظر مختلف مقامات پر ٹھنڈے پانی اور مشروبات کی سبیلیں قائم کریں اور عوام بھی سن اسٹروک سے بچاؤ کے لیے محکمہ صحت کی ہدایات اور حکومتی ایس او پیز پر مکمل عمل کریں۔








