وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر مظفر گڑھ میں عوام کو مفت سبزی دینے کے لئے اپنی نوعیت کا منفرد سانجھی سبزی پراجیکٹ شروع کردیا گیا
مظفر گڑھ میں عوام کو مفت سبزی دینے کیلئے سانجھی سبزی پراجیکٹ شروع

مزید خبریں
لاہور۔17جولائی (اے پی پی):وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر مظفر گڑھ میں عوام کو مفت سبزی دینے کے لئے اپنی نوعیت کا منفرد سانجھی سبزی پراجیکٹ شروع کردیا گیا۔ سانجھی سبزی پراجیکٹ کے تحت اربن سرکاری بلڈنگز اوردیہی اراضی پر عوام کے لئے موسمی سبزیوں کی کاشت کی جارہی ہے۔ مظفر گڑھ میں 139 کنال کے 140 پلاٹس پر عوام کیلئے سبزیاں اگائی جا رہی ہیں۔سانجھی سبزی پراجیکٹ میں علاقے کے لوگوں کو ضرورت کے مطابق مفت سبزی ملنا شروع ہوگئی ہے۔ مظفر گڑھ میں کرسچن برادری کے گائوں سے سانجھی سبزی پراجیکٹ کا آغاز کیا گیا۔ مظفرگڑھ میں لوگ رضاکارانہ طور پر بھی دوسروں کے لئے سبزیاں کاشت کرنے لگے۔ وزیراعلی نے عوام کے لئے سانجھی سبزی پراجیکٹ کو قابل تقلید قرار دیا اور(تمام اضلاع کے) ڈپٹی کمشنرز کو پراجیکٹ شروع کرنے کی ہدایت کی۔
وزیراعلی مریم نواز سے ڈی سی مظفر گڑھ محمد عثمان طاہر جپہ نے ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیراعلی نے ڈی سی مظفر گڑھ کے عوامی فلاحی اقدام کو سراہا۔ وزیراعلی نے ڈپٹی کمشنر مظفر گڑھ کو چیف منسٹر میرٹ بیج اور ایک لاکھ روپے کیش انعام بھی دیا۔ ڈپٹی کمشنر مظفر گڑھ عثمان طاہر جپہ نے وزیراعلی مریم نواز کوسانجھی سبزی پراجیکٹ سے متعلق تفصیلی بریفنگ میں بتایا کہ مظفر گڑھ کے دیہات میں ایک مرلے سے ایک کنال تک سرکاری اراضی کی نشاندہی کرکے سانجھی سبزی لگائی جا رہی ہے۔مظفر گڑھ کے دیہی اور شہری علاقوں میں سرکاری عمارتوں سے متصل خالی اراضی میں سبزی کاشت کی جا رہی ہے۔بریفنگ میں مزید بتایا کہ ہیلتھ، لوکل گورنمنٹ،فارسٹ، ایجوکیشن، اے سی دفاتر سے متصل 139 کنال اراضی پر سبزی اگائی جا رہی ہے۔ وزیراعلی مریم نواز نے ڈپٹی کمشنر مظفر گڑھ کو عوامی فلاحی اقدامات اور پراجیکٹ جاری رکھنے کی ہدایت کی۔








