خیبرپختونخوا کے وزیرِ صحت میاں خلیق الرحمن نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کوہاٹ ڈویژن میں صحت کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے جس کیلئے ایک ہزار بیڈز پر مشتمل میگا ہسپتال کیلئے سائٹ کےانتخاب کا عمل منتخب عوامی نمائندوں کی مشاورت سے جلد مکمل کیا جائے گا
کوہاٹ میں ایک ہزاربیڈز پر مشتمل نئے ہسپتال کی سائٹ جلد فائنل ہوگی ،وزیر صحت

مزید خبریں
پشاور۔ 17 جولائی (اے پی پی):خیبرپختونخوا کے وزیرِ صحت میاں خلیق الرحمن نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کوہاٹ ڈویژن میں صحت کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے جس کیلئے ایک ہزار بیڈز پر مشتمل میگا ہسپتال کیلئے سائٹ کےانتخاب کا عمل منتخب عوامی نمائندوں کی مشاورت سے جلد مکمل کیا جائے گا جبکہ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر (ڈی ایچ کیو) ہسپتال کوہاٹ کیلئے ایم آر آئی، سی ٹی سکین مشین اور کیتھ لیب کے قیام کی منظوری بھی دے دی گئی ہے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے کمشنر آفس کوہاٹ میں ڈویژنل ہیلتھ ریویواجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں صوبائی وزیرِ اطلاعات شفیع جان، چیئرمین ڈیڈک و رکنِ صوبائی اسمبلی داؤد شاہ آفریدی، کمشنر کوہاٹ ڈویژن سید معتصم باللہ شاہ، ڈپٹی کمشنر کوہاٹ محمد نواز وزیر، کوہاٹ ڈویژن سے تعلق رکھنے والے محکمہ صحت کے ضلعی افسران، میڈیکل سپرنٹنڈنٹس اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ وزیرِ صحت نے کہا کہ مجوزہ میگا ہسپتال پورے کوہاٹ ڈویژن اور ملحقہ اضلاع کیلئے جدید طبی سہولیات کی فراہمی میں سنگِ میل ثابت ہوگا۔
انہوں نے لیاقت میموریل ویمن اینڈ چلڈرن ہسپتال کی تعمیر مقررہ مدت میں مکمل کرنے، لاچی، شکردرہ اور دیگر علاقوں کے ٹائپ سی اور ٹائپ ڈی ہسپتالوں، بنیادی مراکز صحت (بی ایچ یوز) اور دیہی مراکز صحت (آر ایچ سیز) کو درپیش مسائل فوری حل کرنے، خراب ایکسرے مشینوں کو فعال بنانے اور ضرورت کے مطابق نئی تشخیصی مشینری کی خریداری کی بھی ہدایت کی۔ اجلاس کے دوران کمشنر کوہاٹ سید معتصم باللہ شاہ نے صحت کے شعبے پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کوہاٹ ڈویژن میں ایک کیٹیگری اے ہسپتال سمیت مجموعی طور پر 289 سرکاری مراکز صحت فعال ہیں۔ انہوں نے طبی عملے کی دستیابی، ادویات، تشخیصی سہولیات، جاری ترقیاتی منصوبوں اور نئی اسکیموں پر پیشرفت سے بھی آگاہ کیا۔ صوبائی وزیرِ اطلاعات شفیع جان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت صحت کے شعبے میں بنیادی اصلاحات، جدید طبی آلات کی فراہمی اور عوام کو معیاری علاج کی سہولیات فراہم کرنے کو اولین ترجیح دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوہاٹ ڈویژن میں جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل سے مریضوں کو بہتر طبی سہولیات اپنے علاقوں میں میسر آئیں گی جبکہ متعلقہ اداروں کو منصوبوں پر شفاف، معیاری اور بروقت عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔
اجلاس کے بعد وزیرِ صحت نے زیرِتعمیر لیاقت میموریل ویمن اینڈ چلڈرن ہسپتال اور ڈی ایچ کیو ہسپتال کوہاٹ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے تعمیراتی پیشرفت، ایمرجنسی اور دیگر شعبوں کا معائنہ کیا مریضوں اور ان کے لواحقین سے ملاقات کی اور علاج معالجے کی سہولیات کے معیار کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔








