ڈپٹی کمشنر بہاول پور سید حسن رضا کی زیرِ صدارت ”مثالی گاؤں پروگرام“ کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لینے کے لیےاجلاس منعقد ہوا
بہاولپور میں مثالی گاؤں منصوبہ کے تحت جاری ترقیاتی سکیموں کی پیش رفت کا جائزہ

مزید خبریں
بہاولپور۔ 17 جولائی (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر بہاول پور سید حسن رضا کی زیرِ صدارت ”مثالی گاؤں پروگرام“ کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لینے کے لیےاجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں مثالی گاؤں پراجیکٹ کے تحت جاری ترقیاتی سکیموں کی پیش رفت، درپیش مسائل اور ان کے فوری حل سے متعلق مختلف امور کا جائزہ لیا گیا۔ڈپٹی کمشنر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مثالی گاؤں پروگرام کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں کی موجودہ پیش رفت تسلی بخش نہیں، لہٰذا تمام متعلقہ محکمے منصوبوں پر کام کی رفتار مزید تیز کریں اور مقررہ مدت میں اہداف مکمل کرنے کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی کاموں میں اعلیٰ معیار کا تعمیراتی میٹریل استعمال کیا جائے اور منصوبے مقررہ ایس او پیز اور معیار کے مطابق مکمل کیے جائیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق مثالی گاؤں پروگرام کے ذریعے دیہی علاقوں میں شہری طرز کی بنیادی میونسپل سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
اس پروگرام کے تحت واٹر سپلائی، سیوریج و سینیٹیشن، سٹریٹ لائٹس، سڑکوں کی تعمیر و بحالی اور دیگر بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز کو مثالی گاؤں منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے خصوصی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں منصوبوں کی پیش رفت کی باقاعدگی سے نگرانی کریں اور ہر گاؤں سے متعلق پیش رفت رپورٹ پیش کریں۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مثالی گاؤں پروگرام کے تحت جاری منصوبوں کی پیش رفت کا دوبارہ جائزہ لینے کے لیے آئندہ ہفتے دوبارہ اجلاس منعقد ہوگا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ڈاکٹر عائشہ خان، اسسٹنٹ کمشنر بہاولپور سٹی اقراء مبین، ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ محمد خورشید اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔








