سندھ حکومت نے نوجوانوں کو روزگار، ہنرمندی اور نجی شعبے سے منسلک کرنے کیلئے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ فورم قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے
سندھ حکومت کا نوجوانوں کو روزگار، ہنرمندی اور نجی شعبے سے منسلک کرنے کیلئے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ فورم قائم کرنے کا فیصلہ

مزید خبریں
کراچی۔ 17 جولائی (اے پی پی):سندھ حکومت نے نوجوانوں کو روزگار، ہنرمندی اور نجی شعبے سے منسلک کرنے کیلئے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ فورم قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔جمعہ کو جاری اعلامیہ کے مطابق یہ فیصلہ سیکرٹری کھیل و امور نوجوانان سندھ منور علی مہیسر کی زیر صدارت کراچی کے نجی ہوٹل میں یونائیٹڈ نیشنز پاپولیشن فنڈ(یو این ایف پی اے)کے وفد کے ساتھ منعقدہ اجلاس میں کیا گیا۔اجلاس میں یو این ایف پی اے کے گولڈن ملیلو، زہرا جبین، رینوکا سوامی سمیت مختلف سرکاری و نجی اداروں، ترقیاتی شراکت داروں اوردیگر اسٹیک ہولڈرز کے نمائندوں نے شرکت کی۔اجلاس میں ڈائریکٹر کھیل اسد اسحاق، ڈپٹی ڈائریکٹر حبیب اللہ، اسسٹنٹ ڈائریکٹرز معیز حسین، رضوان ملاح، ڈی ایس اوز اسماعیل شاہ، محمد عثمان، شکیل احمد، سنی پرویز اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔اجلاس میں نوجوانوں کی ترقی اور بااختیار بنانے کے لیے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ فورم کے قیام پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔سیکریٹری کھیل منور علی مہیسر نے کہا کہ اس فورم کا مقصد حکومت، نجی شعبے، تعلیمی اداروں، صنعتوں، ترقیاتی شراکت داروں اور سول سوسائٹی کے درمیان موثر اور پائیدار اشتراک قائم کرنا ہے تاکہ سندھ کے نوجوانوں کے لیے روزگار، ہنرمندی، کاروباری مواقع، کھیلوں، سماجی شمولیت اورجدید ٹیکنالوجی تک رسائی کے مشترکہ منصوبے شروع کیے جا سکیں۔انہوں نے کہا کہ فورم نوجوانوں کی ضروریات کے مطابق پالیسی سازی، نجی سرمایہ کاری اور اداروں کے باہمی تعاون کو بھی فروغ دے گا۔
اجلاس میں محکمہ کھیل و امور نوجوانان کی کارکردگی، جاری منصوبوں، یوتھ سینٹرز اور مستقبل کے پروگرامز پر بریفنگ بھی دی گئی۔اجلاس کے شرکاء نے نوجوانوں کی معاشی، سماجی اور فلاحی ترقی کے لیے مشترکہ حکمت عملی پر اتفاق کرتے ہوئے محکمہ کھیل و امور نوجوانان کے ساتھ تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔شرکا ء نے سندھ کے یوتھ سینٹرز کو فعال بنانے کے لیے نجی شعبے کی جانب سے تکنیکی معاونت، تربیت اور مہارتوں کی ترقی میں تعائون کی یقین دہانی بھی کرائی۔سیکرٹری کھیل منور علی مہیسر نے کہا کہ سندھ کی صنعتوں میں نوجوانوں کو میرٹ پر روزگار کے مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، جبکہ صنعتکاروں کو صوبے کے باصلاحیت نوجوانوں کو مناسب نمائندگی دینی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کو مل کر تعلیم یافتہ نوجوانوں کے روشن مستقبل کے لیے کام کرنا ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ کھیل و امور نوجوانان نوجوانوں کو کھیلوں، مثبت سرگرمیوں، ہنرمندی اور قیادت کے مواقع فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہا ہے۔اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ اس فورم کے ذریعے سرکاری و نجی شعبے کے درمیان مضبوط تعاون قائم کرکے سندھ کے نوجوانوں کے لیے ترقی، روزگار اور بااختیار بنانے کے نئے مواقع پیدا کیے جائیں گے۔








