ورلڈ وائلڈ لائف کا ڈولفن کے تحفظ کیلئے اہم سنگ میل عبور کرنے پر وزیراعلی پنجاب کو خراج تحسین پیش

دنیا کی سب سے بڑی غیر سرکاری ماحولیاتی تحفظ کی تنظیم ورلڈ وائلڈ لائف فنڈ (امریکہ) نے نایاب نسل کی ڈولفن کے تحفظ کیلئے اہم سنگ میل عبور کرنے پر وزیراعلی پنجاب مریم نوازکو خراج تحسین پیش کیا ہے

لاہور۔17جولائی (اے پی پی):دنیا کی سب سے بڑی غیر سرکاری ماحولیاتی تحفظ کی تنظیم ورلڈ وائلڈ لائف فنڈ (امریکہ) نے نایاب نسل کی ڈولفن کے تحفظ کیلئے اہم سنگ میل عبور کرنے پر وزیراعلی پنجاب مریم نوازکو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ ورلڈ وائلڈ فنڈ تنظیم نے نایاب ہوتی ڈولفن کی نسل کو بچانے اور افزائش کے لئے پنجند انڈس ریور ڈولفن سینکچو اری قائم کرنا وزیراعلی مریم نواز کا تاریخی اقدام قرار دیا۔ ڈبلیو ڈبلیو ایف امریکہ نے میٹھے پانی کی ڈولفن کے تحفظ کیلئے پنجاب کا پہلا محفوظ قدرتی علاقہ پنجند انڈس ریور ڈولفن سینکچواری کے قیام کا خیرمقدم کیا۔ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے یہ محفوظ علاقہ بنانے کا منصوبہ شروع کیا۔ ڈولفن کے لئے یہ محفوظ اور مخصوص علاقہ دریائے سندھ کے تقریبا 123 میل طویل حصے پر محیط ہے۔ اس سینکچو اری میں وہ تاریخی مقام بھی شامل ہے جہاں پنجاب کے پانچوں دریا آپس میں ملتے ہیں۔ انڈس ریور ڈولفن کے رہنے کے لئے جگہ مسلسل کم اور اس کی نسل ختم ہورہی تھی۔ماہرین کے مطابق دریائوں میں گندگی اور دریائی نظام میں تبدیلیوں سے ڈولفن کی بقا کو خطرات کا سامنا تھا۔ عالمی سطح پر اس نایاب نسل کی صرف دو ہزار ڈولفن باقی رہ گئی ہیں۔

گزشتہ ایک صدی کے دوران آبی ڈھانچے کی تعمیر کے باعث ان کے قدرتی مسکن کا تقریبا 80 فیصد حصہ ختم ہو چکا ہے۔ پنجاب میں تقریبا 660 انڈس ریور ڈولفن موجود ہیں، 600سے زائد ڈولفن میں سے تقریبا دو تہائی سینکچو اری کے علاقے میں پائی جاتی ہیں۔ ماہرین کے مطابق اس اقدام سے ڈولفن کے علاوہ دیگر اقسام کی مچھلیوں، جنگلی حیات اور مقامی آبادی کے لیے بھی دریائی ماحولیاتی نظام میں بہتری آئے گی۔ نئی سینکچو اری سندھ میں پہلے سے موجود محفوظ علاقے سے بھی منسلک ہوگی۔ مجموعی طورپر تقریبا 249 میل طویل مسلسل دریائی مسکن قانونی تحفظ کے دائرے میں آ جائے گا۔ ڈیموں اور بیراجوں کے باعث تقسیم ہونے والی ڈولفن کی آبادی کے لیے اس طرح کے محفوظ علاقے ان کی بقا، نقل و حرکت، خوراک کے حصول اور افزائشِ نسل کے لیے انتہائی اہم ہیں۔ ڈبلیو ڈبلیو ایف امریکہ گزشتہ تین دہائیوں سے دریائے سندھ کی ڈولفن کے تحفظ، تحقیق، ریسکیو آپریشنز، مقامی آبادی میں آگاہی اور حکومتی اداروں کے ساتھ تعاون پر کام کر رہا ہے۔