ڈائریکٹرجنرل انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی کا صنعتی شہرحب کا دورہ، مضر اخراج اور خطرناک فضلے پر فوری قابو پانے کی ہدایت

ڈائریکٹر جنرل بلوچستان انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی (بی ای پی اے)ظہور احمد بلوچ نے جمعہ کے روز ضلع حب کے صنعتی مرکز کا دورہ کیا جہاں مختلف صنعتوں کے نمائندوں سے ملاقاتیں کیں اور پیداواری سرگرمیوں کا موقع پر معائنہ کیا

کوئٹہ۔ 17 جولائی (اے پی پی):ڈائریکٹر جنرل بلوچستان انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی (بی ای پی اے)ظہور احمد بلوچ نے جمعہ کے روز ضلع حب کے صنعتی مرکز کا دورہ کیا جہاں مختلف صنعتوں کے نمائندوں سے ملاقاتیں کیں اور پیداواری سرگرمیوں کا موقع پر معائنہ کیا۔ اس موقع پر ماحولیاتی آلودگی میں کمی، مضر اخراج پر قابو پانے اور خطرناک فضلے کے مثر انتظام سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ڈی جی بیپا نے صنعتوں کی انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ مضر گیسوں کے اخراج میں فوری کمی کے لیے موثر اقدامات کریں اور صنعتی عمل سے پیدا ہونے والے خطرناک مائع فضلے کو ماحول میں خارج کرنے کا سلسلہ فوری طور پر بند کریں۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی قوانین پر عملدرآمد اور صنعتی آلودگی پر قابو پانا صحت مند ماحول کے لیے ناگزیر ہے۔صنعتی اداروں کی انتظامیہ نے ڈی جی بیپا کی ہدایات سے اتفاق کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ وہ فضلے کے انتظام اور اخراج پر قابو پانے کے موجودہ نظام کا ازسرنو جائزہ لے گی اور ماحولیاتی بہتری کے لیے قابل عمل منصوبے تیار کرے گی۔

ڈی جی ظہوراحمد بلوچ نے کہا کہ بلوچستان انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی صنعتوں کو ماحولیاتی قوانین پر عملدرآمد، تکنیکی رہنمائی، استعداد کار میں اضافے اور نگرانی کے حوالے سے ہر ممکن ادارہ جاتی تعاون فراہم کرے گی تاکہ صنعتی سرگرمیوں کے ماحول پر منفی اثرات کو کم کیا جا سکے۔انہوں نے شجرکاری کی اہمیت پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ درخت فضائی آلودگی میں کمی، کاربن ڈائی آکسائیڈ کے جذب اور موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کم کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ سالانہ شجرکاری مہم کے آغاز کے موقع پر ڈی جی بیپا نے صنعتی علاقے میں ایک پودا بھی لگایا۔دورے کے اختتام پر فیصلہ کیا گیا کہ متعلقہ صنعتیں جلد اپنی ماحولیاتی بہتری کے عملی منصوبے بیپا کو جمع کرائیں گی، جبکہ بیپا تکنیکی معاونت، نگرانی اور صنعتی اداروں کے ساتھ مشترکہ شجرکاری مہم کے لیے شیڈول بھی مرتب کرے گی۔