صوبائی ٹی بی کنٹرول پروگرام بلوچستان اور محکمہ صحت کی جانب سے تپِ دق کے خاتمے کے لیے عملی اقدامات کا سلسلہ جاری

صوبائی ٹی بی کنٹرول پروگرام بلوچستان اور محکمہ صحت کی جانب سے صوبے بھر میں تپِ دق (ٹی بی)کے خاتمے، بروقت تشخیص اور معیاری علاج کی سہولیات کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے عملی اقدامات کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے

کوئٹہ۔ 17 جولائی (اے پی پی):صوبائی ٹی بی کنٹرول پروگرام بلوچستان اور محکمہ صحت کی جانب سے صوبے بھر میں تپِ دق (ٹی بی)کے خاتمے، بروقت تشخیص اور معیاری علاج کی سہولیات کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے عملی اقدامات کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے۔ اسی سلسلے کی ایک اہم پیش رفت کے طور پر بنیادی ہیلتھ یونٹ (بی ایچ یو) احمد خان زئی، سریاب روڈ، کوئٹہ کے پہلے سے قائم مائیکروسکوپی سینٹر کو کامیابی کے ساتھ اپ گریڈ کر کے جدید GeneXpert سائٹ میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔اس موقع پر صوبائی ٹی بی کنٹرول پروگرام بلوچستان کے ڈپٹی پروونشل منیجر ڈاکٹر خالد محمد شہی، صوبائی ڈی آر ٹی بی کوآرڈینیٹر ڈاکٹر وحید احمد کاکڑ اور پروونشل اسٹاک آفیسر نجیب اللہ نے بی ایچ یو احمد خان زئی کا دورہ کیا اور جدید GeneXpert مشین باقاعدہ طور پر ڈسٹرکٹ منیجر پی پی ایچ آئی فرید احمد پانیزئی، اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ منیجر سردار علی جمالی کے حوالے کی۔ جین ایکسپرٹ مشین اور دیگر ضروری آلات کی حوالگی کے ساتھ ہی صوبائی ٹی بی پروگرام کی ٹیم اور پی پی ایچ آئی کے افسران کے درمیان ایک تفصیلی نشست بھی منعقد ہوا جس میں ٹی بی کے مشتبہ مریضوں کی بروقت اسکریننگ، تشخیصی ٹیسٹنگ کے طریقہ کار، اور پی پی ایچ آئی کی جانب سے فیلڈ سطح پر ریفرل سسٹم کو مزید مثر بنانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر صوبائی ٹی بی پروگرام کے حکام نے بتایا کہ GeneXpert ایک جدید اور انتہائی حساس مالیکیولر تشخیصی ٹیسٹ ہے، جو نہ صرف عام ٹی بی بلکہ ادویات کے خلاف مزاحمت رکھنے والی ٹی بی (DR-TB) کی بھی چند گھنٹوں میں تشخیص کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس جدید سہولت کے فعال ہونے سے احمد خان زئی اور اس کے گردونواح کی بڑی آبادی کو اب اپنے ہی علاقے میں مفت، معیاری اور بروقت تشخیصی سہولت میسر آئے گی۔صوبائی ٹی بی کنٹرول پروگرام کی جانب سے سینٹر کو کارٹریجز کی مسلسل فراہمی، تکنیکی معاونت اور عملے کی پیشہ ورانہ تربیت کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ ٹیسٹنگ کا معیار برقرار رہے۔ اس کے علاوہ قیمتی تشخیصی آلات کی حفاظت، بروقت سروسنگ اور مثر استعمال کو یقینی بنانے کے لیے مشترکہ مانیٹرنگ بھی جاری رکھی جائے گی۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ منیجر پی پی ایچ آئی فرید احمد پانیزئی نے کہا کہ یہ اپ گریڈیشن علاقے کے غریب اور مستحق مریضوں کے لیے ایک بڑی سہولت اور ریلیف ثابت ہوگی، کیونکہ اب انہیں جدید تشخیصی ٹیسٹ کے لیے دور دراز مراکز کا رخ نہیں کرنا پڑے گا۔۔