وزیر اعلیٰ بلوچستان کی مشیر برائے کھیل و امور نوجوانان مینا مجید بلوچ نے کہا ہے کہ نوجوان علم، مہارت اور مثبت سوچ کو اپنا سرمایہ بنائیں کیونکہ ہر نیا دن آگے بڑھنے اور اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے کا ایک نیا موقع فراہم کرتا ہے
نوجوان علم، مثبت سوچ اور مستقل مزاجی کو اپنا شعار بنائیں، حکومت نوجوانوں میں سرمایہ کاری کر رہی ہے،مینا مجید بلوچ

مزید خبریں
کوئٹہ۔ 17 جولائی (اے پی پی):وزیر اعلیٰ بلوچستان کی مشیر برائے کھیل و امور نوجوانان مینا مجید بلوچ نے کہا ہے کہ نوجوان علم، مہارت اور مثبت سوچ کو اپنا سرمایہ بنائیں کیونکہ ہر نیا دن آگے بڑھنے اور اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے کا ایک نیا موقع فراہم کرتا ہے،کامیابی کا راز مستقل مزاجی، محنت اور خود اعتمادی میں پوشیدہ ہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے ’’اے پی پی‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کا مستقبل نوجوان نسل سے وابستہ ہے، اس لیے حکومت نوجوانوں کو بااختیار بنانے، ان کی صلاحیتوں کو فروغ دینے اور انہیں ترقی کے یکساں مواقع فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔مینا مجید بلوچ نے کہا کہ حکومت اس یقین کے ساتھ نوجوانوں میں سرمایہ کاری کر رہی ہے کہ آج کا باصلاحیت، تعلیم یافتہ اور ہنر مند نوجوان ہی کل کے خوشحال، مضبوط اور ترقی یافتہ بلوچستان کی بنیاد رکھے گا۔
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ جدید تعلیم، فنی مہارت، تحقیق اور اختراع پر توجہ دیں تاکہ وہ نہ صرف اپنی زندگی سنوار سکیں بلکہ صوبے اور ملک کی ترقی میں بھی موثر کردار ادا کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلی بلوچستان کی قیادت میں حکومت نوجوانوں کی فلاح و بہبود، کھیلوں کے فروغ، قائدانہ صلاحیتوں کی ترقی اور روزگار کے بہتر مواقع پیدا کرنے کے لیے مختلف منصوبوں پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ مایوسی سے گریز کریں، اپنی صلاحیتوں پر اعتماد رکھیں اور مثبت سوچ، محنت اور مستقل مزاجی کے ذریعے اپنے روشن مستقبل کی تعمیر کریں۔








