بلوچستان اور پاکستان کے روشن مستقبل کے لیے نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے والا بنانا ہو گا، پرنس آغا عمر احمد زئی

پارلیمانی سیکرٹری برائے بہبودِ آبادی پرنس آغا عمر احمد زئی نے کہا ہے کہ بلوچستان اور پاکستان کے روشن مستقبل کا انحصار نوجوانوں کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے میں ہے

کوئٹہ۔ 17 جولائی (اے پی پی):پارلیمانی سیکرٹری برائے بہبودِ آبادی پرنس آغا عمر احمد زئی نے کہا ہے کہ بلوچستان اور پاکستان کے روشن مستقبل کا انحصار نوجوانوں کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے میں ہے۔وقت کی ضرورت ہے کہ نوجوانوں کو نوکریاں مانگنے والوں کی قطار سے نکال کر نوکریاں دینے والوں میں شامل کیا جائے۔ حکومت نوجوانوں کو تعلیم، ہنر، کاروباری مواقع اور خود روزگار کے فروغ کے ذریعے معاشی طور پر بااختیار بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار قلات ہائوس کوئٹہ میں حاجی ملک جہانزیب شاہوانی، محمد اشرف، سید محمد کاکا اور دیگر معززین سے ملاقات کے دوران’’ اے پی پی‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ملاقات میں نوجوانوں کی فلاح و بہبود، روزگار، تعلیم، آبادی کی فلاح، سماجی ترقی اور بلوچستان کی مجموعی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔پرنس آغا عمر احمد زئی نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوان بے پناہ صلاحیتوں کے حامل ہیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ انہیں جدید تعلیم، فنی تربیت، کاروباری معاونت اور سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کیے جائیں تاکہ وہ اپنے لیے روزگار پیدا کرنے کے ساتھ دیگر افراد کو بھی روزگار مہیا کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ خود انحصاری ہی مضبوط معیشت اور خوشحال معاشرے کی بنیاد ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نوجوانوں کی مثبت رہنمائی، انسانی وسائل کی ترقی اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے مختلف منصوبوں پر کام کر رہی ہے تاکہ صوبے کے نوجوان قومی ترقی میں موثر کردار ادا کر سکیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ نوجوانوں کے مسائل کے حل اور ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔ملاقات میں شریک معززین نے بھی نوجوانوں کو روزگار، تعلیم اور فنی تربیت کے بہتر مواقع فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور عوامی مسائل کے حل کے لیے باہمی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔