میونسپل کارپوریشن راولپنڈی نے مالی سال 2026-27 کے لیے تقریباً پونے 11 ارب روپے کا سالانہ بجٹ منظور کر لیا ہے جبکہ مجموعی اخراجات کا تخمینہ تقریباً 10 ارب روپے رکھا گیا ہے
میونسپل کارپوریشن راولپنڈی کا مالی سال 2026-27 کا پونے 11 ارب روپے کا بجٹ منظور

مزید خبریں
راولپنڈی۔17جولائی (اے پی پی):میونسپل کارپوریشن راولپنڈی نے مالی سال 2026-27 کے لیے تقریباً پونے 11 ارب روپے کا سالانہ بجٹ منظور کر لیا ہے جبکہ مجموعی اخراجات کا تخمینہ تقریباً 10 ارب روپے رکھا گیا ہے۔ بجٹ کی منظوری ایڈمنسٹریٹر و کمشنر راولپنڈی، چیف میونسپل افسر اور میونسپل افسر (فنانس) نے دی۔منظور شدہ بجٹ کے مطابق سالانہ ترقیاتی پروگرام (اے ڈی پی) کے لیے 3 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں جبکہ روڈ کٹ، پیچ ورک، اسٹریٹ لائٹس، ٹریفک سگنلز، انفراسٹرکچر، عمارتوں اور رہائشی املاک کی بحالی، مرمت اور دیکھ بھال کے لیے مجموعی طور پر 2 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔ ان میں گزشتہ مالی سال کی جاری ترقیاتی سکیموں پر ایک ارب 73 کروڑ روپے خرچ کیے جائیں گے۔بجٹ میں کمیونٹی بورڈ بیسڈ آرگنائزیشن (سی بی او)، ڈپازٹ ورکس اور کھیلوں و ثقافتی سرگرمیوں کے لیے مجموعی طور پر 51 کروڑ 98 لاکھ 24 ہزار روپے مختص کیے گئے ہیں
جن میں سی بی او کے لیے 10 کروڑ روپے، ڈپازٹ ورکس کے لیے 21 کروڑ 28 لاکھ 24 ہزار روپے اور کھیلوں و ثقافتی سرگرمیوں کے لیے 20 کروڑ 70 لاکھ روپے شامل ہیں۔دستاویزات کے مطابق رواں مالی سال کے دوران مجموعی اخراجات کا تخمینہ 9 ارب 90 کروڑ 58 لاکھ 23 ہزار روپے لگایا گیا ہے جن میں سے 7 ارب 25 کروڑ 39 لاکھ 91 ہزار روپے ترقیاتی اخراجات کے لیے مختص کیے گئے ہیں جبکہ باقی رقم تنخواہوں، پنشن اور دیگر غیر ترقیاتی مدات پر خرچ کی جائے گی۔بجٹ کے مطابق مالی سال 2026-27 میں میونسپل کارپوریشن کو ٹیکس ریونیو کی مد میں ایک ارب 65 کروڑ 50 لاکھ روپے اور نان ٹیکس ریونیو کی مد میں 2 ارب 38 کروڑ 64 لاکھ روپے آمدن متوقع ہے۔







