وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں پنجاب میں تعلیم، صحت اور ٹرانسپورٹ کے شعبوں میں تاریخی اور انقلابی اقدامات کیے جا رہے ہیں، جن کے ثمرات صوبے کے ہر شہر اور ہر طبقے تک پہنچ رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے حکومتی وسائل اور عوامی سہولیات کو پنجاب کے کونے کونے تک پہنچا دیا ہے، عظمیٰ بخاری

مزید خبریں
لاہور۔17جولائی (اے پی پی):وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں پنجاب میں تعلیم، صحت اور ٹرانسپورٹ کے شعبوں میں تاریخی اور انقلابی اقدامات کیے جا رہے ہیں، جن کے ثمرات صوبے کے ہر شہر اور ہر طبقے تک پہنچ رہے ہیں۔ اپنے بیان میں عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب حکومت نوجوانوں کے روشن مستقبل کے لیے لیپ ٹاپ، سکالرشپ اور الیکٹرک بائیکس فراہم کر رہی ہے جبکہ نواز شریف سکول آف ایمینس کا منصوبہ معیاری تعلیم کے فروغ اور باصلاحیت طلبہ کی بہترین تربیت کے لیے ایک سنگِ میل ثابت ہوگا۔انہوں نے کہا کہ صحت کے شعبے میں بھی غیر معمولی پیش رفت کی گئی ہے۔ لاہور میں نواز شریف کینسر ہسپتال اور سرگودھا میں کارڈیالوجی ہسپتال مکمل ہو چکے ہیں جبکہ پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کو مفت ادویات اور تمام ضروری طبی ٹیسٹ بلا معاوضہ فراہم کیے جا رہے ہیں تاکہ ہر شہری کو معیاری علاج کی سہولت میسر آ سکے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ عوام کو جدید، محفوظ اور ماحول دوست سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے گرین الیکٹرک بسوں کا دائرہ کار اضلاع سے بڑھا کر تحصیل سطح تک وسیع کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شدید گرمی کے موسم میں ایئرکنڈیشنڈ الیکٹرک بسیں عام آدمی کے لیے ایک بڑی سہولت اور نعمت ثابت ہو رہی ہیں۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ وزیراعلیٰ نے حکومتی وسائل اور عوامی سہولیات کو پنجاب کے کونے کونے تک پہنچا دیا ہے۔ ماضی میں عوام کو اپنی مشکلات کے حل کے لیے حکومت کے دفاتر کے چکر لگانے پڑتے تھے لیکن آج حکومت خود عوام کی دہلیز تک پہنچ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہی عوامی خدمت، موثر گورننس اور فلاحی طرزِ حکمرانی مریم نواز کی حکومت کو ماضی کی حکومتوں سے ممتاز اور منفرد بناتی ہے۔







