بلوچستان ویمن انٹرپرینیورشپ ڈویلپمنٹ پروگرام صوبے کی تاریخ میں اپنی نوعیت کا پہلا جامع اقدام ہے، ربابہ خان بلیدی

بلوچستان ویمن انٹرپرینیورشپ ڈویلپمنٹ پروگرام کا پہلا مرحلہ کامیابی کے ساتھ مکمل ہوگیا۔ اختتامی تقریب میں وزیراعلیٰ بلوچستان کی مشیر برائے محکمہ ترقی نسواں ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے پروگرام مکمل کرنے والی 500 خواتین میں ٹیبلٹس تقسیم کیے جبکہ شرکاء کی حوصلہ افزائی کے لیے ٹول کٹس اور اسناد بھی فراہم کی گئیں۔

کوئٹہ۔ 17 جولائی (اے پی پی):بلوچستان ویمن انٹرپرینیورشپ ڈویلپمنٹ پروگرام کا پہلا مرحلہ کامیابی کے ساتھ مکمل ہوگیا۔ اختتامی تقریب میں وزیراعلیٰ بلوچستان کی مشیر برائے محکمہ ترقی نسواں ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے پروگرام مکمل کرنے والی 500 خواتین میں ٹیبلٹس تقسیم کیے جبکہ شرکاء کی حوصلہ افزائی کے لیے ٹول کٹس اور اسناد بھی فراہم کی گئیں۔ اس پروگرام میں بلوچستان کے تمام اضلاع سے تعلق رکھنے والی خواتین نے شرکت کی، جنہیں جدید کاروباری مہارتوں، ڈیجیٹل ٹولز، مارکیٹنگ، کاروباری منصوبہ بندی اور عالمی تقاضوں کے مطابق اپنے کاروبار کو فروغ دینے کے حوالے سے جامع تربیت فراہم کی گئی۔ تقریب میں سیکرٹری ویمن ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ سائرہ عطا سمیت مختلف سرکاری افسران، سماجی شخصیات اور دیگر معزز مہمانوں نے بھی شرکت کی ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان کی مشیر برائے محکمہ ترقی نسواں ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ بلوچستان کی خواتین بے پناہ صلاحیتوں کی مالک ہیں اور حکومت انہیں معاشی طور پر بااختیار بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے انہوں نے کہا کہ بلوچستان ویمن انٹرپرینیورشپ ڈویلپمنٹ پروگرام صوبے کی تاریخ میں اپنی نوعیت کا پہلا جامع اقدام ہے، جس کا مقصد خواتین کو جدید کاروباری مہارتوں سے آراستہ کرکے انہیں قومی اور بین الاقوامی مارکیٹ کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہے ۔ ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ خواتین کی معاشی خودمختاری نہ صرف ان کے خاندانوں بلکہ پورے معاشرے کی ترقی کی ضامن ہے ۔ انہوں نے اس کہا کہ حکومت بلوچستان خواتین کے لیے روزگار، کاروبار اور ہنر مندی کے مزید مواقع پیدا کرنے کے لیے ایسے پروگراموں کا دائرہ کار وسیع کرے گی تاکہ صوبے کی زیادہ سے زیادہ خواتین اپنے کاروبار قائم کرکے ملکی معیشت میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔

انہوں نے تربیت مکمل کرنے والی خواتین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی ان کی محنت، لگن اور عزم کا ثمر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت خواتین کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو مزید نکھارنے اور انہیں خود کفیل بنانے کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔تقریب کے اختتام پر تربیت مکمل کرنے والی خواتین میں ٹیبلٹس، ٹول کٹس اور سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے جبکہ شرکاء نے اس پروگرام کو بلوچستان میں خواتین کے معاشی استحکام، کاروباری ترقی اور ویمن ایمپاورمنٹ کی جانب ایک تاریخی اور قابلِ ستائش پیش رفت قرار دیا۔