گورنر خیبرپختونخوا سے چکدرہ پریس کلب کے صدر محمد جلیل کی قیادت میں پریس کلب کے نمائندہ وفد کی ملاقات

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے جمعرات کوچکدرہ پریس کلب کے صدر محمد جلیل کی قیادت میں پریس کلب کے ایک نمائندہ وفد سے گورنر ہاؤس پشاور میں ملاقات کی۔

پشاور۔ 16 جولائی (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے جمعرات کوچکدرہ پریس کلب کے صدر محمد جلیل کی قیادت میں پریس کلب کے ایک نمائندہ وفد سے گورنر ہاؤس پشاور میں ملاقات کی۔ گورنر ہاؤس پشاور تر جمان کے مطابق وفد میں چیئرمین محمد اسرار، جنرل سیکرٹری نورفقیر، ممبران مظہر حسین، محسن خان اور عالمگیر عمر خیل شامل تھے۔ملاقات میں ملاکنڈ ڈویژن کی مجموعی صورتحال، صحافیوں کو درپیش مسائل، علاقائی ترقی، امن و امان اور عوامی فلاح سے متعلق مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفد نے گورنر خیبرپختونخوا کو ملاکنڈ ڈویژن میں ٹیکس کے نفاذ کے حوالے سے عوام، تاجروں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کے تحفظات سے آگاہ کیا۔ وفد نے اس بات پر زور دیا کہ اس اہم معاملے کو عوامی امنگوں اور زمینی حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے حل کیا جائے تاکہ خطے میں اعتماد اور ہم آہنگی کی فضا برقرار رہے۔صدر محمد جلیل اور چیئرمین محمد اسرار نے گورنر خیبرپختونخوا کو چکدرہ پریس کلب کو درپیش مالی مشکلات سے بھی آگاہ کیا۔

انہوں نے بتایا کہ محدود وسائل کے باعث پریس کلب کو اپنے انتظامی امور اور صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لیے شدید مشکلات کا سامنا ہے۔گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وفد کو یقین دلایا کہ صحافیوں کے مسائل کے حل اور چکدرہ پریس کلب کی بہتری کے لیے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آزاد، ذمہ دار اور باوقار صحافت جمہوری معاشرے کی بنیاد ہے، جبکہ صحافی عوام اور ریاست کے درمیان ایک مضبوط پل کا کردار ادا کرتے ہیں۔

گورنر نے کہا کہ حکومت صحافی برادری کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور ان کے جائز مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے ملاکنڈ ڈویژن کے عوامی مسائل، امن و استحکام اور ترقیاتی عمل کو بھی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل قرار دیا۔اس موقع پر پیپلزپارٹی کے صوبائی مجلس عمومی کے ممبر یاسر خان بھی موجود تھے۔

 

مزید خبریں