پاکستان کی نوجوان نسل بے پناہ صلاحیتوں کی مالک ہے، انہیں آگے بڑھنے کے مؤثر مواقع فراہم کرنا ریاست کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے کہا ہے کہ پاکستان کی نوجوان نسل بے پناہ صلاحیتوں، تخلیقی استعداد اور عزم سے مالا مال ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ انہیں تعلیم، ہنر، روزگار اور اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے لیے مؤثر اور مساوی مواقع فراہم کیے جائیں تاکہ وہ ملک کی ترقی میں بھرپور کردار ادا کر سکیں۔

اسلام آباد۔18جولائی (اے پی پی):ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے کہا ہے کہ پاکستان کی نوجوان نسل بے پناہ صلاحیتوں، تخلیقی استعداد اور عزم سے مالا مال ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ انہیں تعلیم، ہنر، روزگار اور اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے لیے مؤثر اور مساوی مواقع فراہم کیے جائیں تاکہ وہ ملک کی ترقی میں بھرپور کردار ادا کر سکیں۔

ہفتہ کوپاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس (پی این سی اے) اسلام آباد میں فنکاروں رومی اور ایمن کی آرٹ نمائش "تصوف اور ثقافت” کی اختتامی تقریب سے اظہار خیال کرتے ہوئے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان کی تقریباً 60 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے، جو ملک کا سب سے قیمتی سرمایہ ہے۔اگرنوجوانوں کو سازگار ماحول، معیاری تعلیم، جدید مہارتیں اور ترقی کے یکساں مواقع فراہم کیے جائیں تو وہ نہ صرف قومی سطح بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نوجوانوں کو بااختیار بنانے، روزگار کے مواقع پیدا کرنے، ہنر مندی کے فروغ اور انہیں قومی ترقی کے عمل میں مؤثر انداز سے شامل کرنے کے لیے مختلف اقدامات کر رہی ہے، تاکہ نوجوان اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر ملک کی معاشی اور سماجی ترقی میں بھرپور کردار ادا کر سکیں۔

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ آرٹ، ادب، ثقافت اور تصوف نوجوان نسل کی فکری، اخلاقی اور تخلیقی تربیت میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ پاکستان کا صوفیانہ اور ثقافتی ورثہ محبت، برداشت، احترام، مکالمے اور بقائے باہمی کا درس دیتا ہے، جو معاشرے میں ہم آہنگی اور رواداری کے فروغ کے لیے ناگزیر ہے۔انہوں نے فنکاروں رومی اور ایمن کی تخلیقی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کا فن نوجوان نسل کو اپنی تہذیبی، ثقافتی اور روحانی شناخت سے جوڑنے کا مؤثر ذریعہ ہے۔

انہوں نے پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس (پی این سی اے) کو اس بامقصد اورخوبصورت نمائش کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ایسی سرگرمیاں نوجوانوں میں مثبت سوچ،تخلیقی صلاحیتوں اور قومی اقدار کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتی رہیں گی۔فنکاروں ایمن اور رومی نے ڈپٹی چیئرمین سینٹ کو بتایا کہ فن پاروں کی فروخت سے حاصل ہونے والی امدن کا 50 فیصد حصہ فلاحی کاموں پر صرف کیا جائے گا۔

مزید خبریں