چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے اتوار کو مانسہرہ میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے دفتر کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے صوبے کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں مستحق افراد کو رجسٹریشن کی سہولت ان کی دہلیز تک پہنچانے کے لیے موبائل رجسٹریشن وین (ایم آر وی) کا افتتاح کیا۔
ڈیجیٹل والٹ نظام سے مالی امداد براہِ راست خواتین کے اکاؤنٹس میں منتقل ہوگی، سینیٹر روبینہ خالد

مزید خبریں
اسلام آباد/مانسہرہ ۔19جولائی (اے پی پی):چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے اتوار کو مانسہرہ میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے دفتر کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے صوبے کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں مستحق افراد کو رجسٹریشن کی سہولت ان کی دہلیز تک پہنچانے کے لیے موبائل رجسٹریشن وین (ایم آر وی) کا افتتاح کیا۔
اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی مہر سلطانہ ایڈووکیٹ اور دیگر خواتین رہنما بھی ان کے ہمراہ موجود تھیں۔اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ موبائل رجسٹریشن وین کا مقصد ان مستحق خاندانوں تک بی آئی ایس پی کی خدمات پہنچانا ہے جن کے لیے دفاتر تک رسائی مشکل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے زیادہ سے زیادہ اہل اور مستحق افراد کی بروقت رجسٹریشن کو یقینی بنایا جا سکے گا اور سماجی تحفظ کی سہولیات مزید مؤثر انداز میں عوام تک پہنچیں گی۔
بعد ازاں چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے دفتر میں موجود خواتین بینیفشریز سے ملاقات کی، ان کے مسائل سنے اور متعلقہ افسران کو ان کے فوری حل کے لیے ضروری ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے خواتین کو بی آئی ایس پی کے نئے ڈیجیٹل والٹ نظام، مفت بینظیر موبائل سم، والٹ ایکٹیویشن اور ادائیگی کے جدید طریقۂ کار سے متعلق تفصیلی آگاہی بھی فراہم کی۔ اس موقع پر انہوں نے بینظیر موبائل سم کی تقسیم اور والٹ ایکٹیویشن کے عمل کا جائزہ بھی لیا۔سینیٹر روبینہ خالد نے بتایا کہ نئے ڈیجیٹل والٹ نظام کے تحت مالی معاونت کی رقم براہِ راست مستحق خواتین کے ڈیجیٹل اکاؤنٹس میں منتقل کی جائے گی، جہاں یہ محفوظ رہے گی اور خواتین اپنی سہولت کے مطابق کسی بھی وقت قریبی مجاز ریٹیلر سے اپنی رقم وصول کر سکیں گی۔
انہوں نے واضح کیا کہ مفت بینظیر موبائل سم صرف بی آئی ایس پی دفاتر سے ہی حاصل کی جائے۔ سم حاصل کرنے کے لیے اصل قومی شناختی کارڈ اور اپنا ذاتی موبائل فون ساتھ لانا ضروری ہے تاکہ سم کی فوری ایکٹیویشن اور ڈیجیٹل والٹ کی رجسٹریشن مکمل کی جا سکے۔چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے خواتین کو ہدایت کی کہ رقم وصول کرتے وقت اپنا موبائل فون کسی ایجنٹ یا ریٹیلر کے حوالے نہ کریں، اپنی سم کی حفاظت کو یقینی بنائیں اور اگر رقم وصولی کے دوران کسی قسم کی کٹوتی، بے ضابطگی یا شکایت کا سامنا ہو تو فوری طور پر متعلقہ بی آئی ایس پی دفتر یا پروگرام کے شکایات کے نظام کے ذریعے اطلاع دیں تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔








