وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے یومِ الحاقِ پاکستان کے موقع پر جموں و کشمیر کے عوام کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کشمیری شہداء اور تحریکِ آزادی کی قیادت کی قربانیوں کو سراہا اور کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کے لیےپاکستان کی غیرمتزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔
پاکستان اور کشمیر کا رشتہ مشترکہ تاریخ، عقیدے اور جغرافیے پر استوار ہے، محسن نقوی

مزید خبریں
اسلام آباد۔19جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے یومِ الحاقِ پاکستان کے موقع پر جموں و کشمیر کے عوام کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کشمیری شہداء اور تحریکِ آزادی کی قیادت کی قربانیوں کو سراہا اور کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کے لیےپاکستان کی غیرمتزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔اتوار کواپنے خصوصی پیغام میں وزیر داخلہ نے کہا کہ کشمیری شہداء اورحریت رہنماؤں نے دہائیوں پر محیط جدوجہد اور قربانیوں کے ذریعے آزادی کی شمع روشن رکھی، جس پر پوری قوم انہیں سلام پیش کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 19 جولائی 1947ء کی تاریخی قرارداد کشمیری عوام کی اجتماعی امنگوں کی حقیقی ترجمان اور تحریکِ آزادی کا ایک اہم سنگِ میل ہے جو کشمیر کےعوام کے پاکستان سے الحاق کے غیرمتزلزل عزم کی عکاس ہے۔محسن نقوی نے کہا کہ کشمیری قیادت نے قیامِ پاکستان سے قبل ہی اپنے مستقبل کو پاکستان کےساتھ وابستہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور کشمیر کا رشتہ مشترکہ تاریخ، عقیدے اور جغرافیے پر استوار ہے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے اور بھارتی مظالم کے باوجود کشمیری عوام کےصبر، استقامت اور جرات کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے عوام کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا بنیادی حق دیا جانا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر کا پائیدار اور پرامن حل جنوبی ایشیا میں دیرپا امن و استحکام کے لیے ناگزیر ہے۔محسن نقوی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی غیرمشروط اور اصولی حمایت جاری رکھے گا۔








