مون سون کے دوران احتیاطی تدابیر سے قیمتی جانوں اور املاک کو محفوظ بنایا جا سکتا ہے، انجینئر احتشام واہلہ

ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 فیصل آباد انجینئر احتشام واہلہ نے کہا ہے کہ شہری مون سون کے موسم میں ممکنہ حادثات اور ہنگامی صورتحال سے بچنے کے لیے پیشگی حفاظتی اقدامات کو اپنی روزمرہ زندگی کا حصہ بنائیں تاکہ قیمتی انسانی جانوں اور املاک کو ہر ممکن حد تک محفوظ رکھا جا سکے۔

فیصل آباد۔ 20 جولائی (اے پی پی):ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 فیصل آباد انجینئر احتشام واہلہ نے کہا ہے کہ شہری مون سون کے موسم میں ممکنہ حادثات اور ہنگامی صورتحال سے بچنے کے لیے پیشگی حفاظتی اقدامات کو اپنی روزمرہ زندگی کا حصہ بنائیں تاکہ قیمتی انسانی جانوں اور املاک کو ہر ممکن حد تک محفوظ رکھا جا سکے۔

ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ مون سون کی بارشیں جہاں موسم کو خوشگوار بناتی ہیں وہیں غفلت کی صورت میں مختلف حادثات، برقی کرنٹ لگنے، عمارتوں کے نقصان اور دیگر خطرات کا باعث بھی بن سکتی ہیں اس لیے ضروری ہے کہ شہری بارشوں سے قبل اپنے گھروں کی چھتوں، دیواروں اور دراڑوں کی مکمل جانچ پڑتال کروائیں اور جہاں ضرورت ہو فوری مرمت کرائیں تاکہ کسی بھی ممکنہ حادثے سے بچا جا سکے۔انجینئر احتشام واہلہ نے کہا کہ چھتوں پر پانی جمع ہونے سے روکنے کے لیے نکاسی آب کے نظام کو فعال رکھنا انتہائی ضروری ہے، شہری بارش کے پانی کی نکاسی کے لیے لگائے گئے پائپوں، نالیوں اور گٹروں کی بروقت صفائی یقینی بنائیں تاکہ بارش کا پانی آسانی سے خارج ہو سکے اور چھتوں یا عمارتوں کو نقصان نہ پہنچے۔

انہوں نے خستہ حال یا کمزور چھتوں پر غیر ضروری چڑھنے سے بھی گریز کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے شہریوں کو بجلی سے متعلق احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ بارش کے دوران برقی آلات، سوئچز اور تاروں کو گیلے ہاتھوں سے ہرگز نہ چھوا جائے جبکہ ننگے پاؤں ہونے کی صورت میں یہ خطرہ مزید بڑھ جاتا ہے، اگر کہیں بجلی کی ننگی یا گری ہوئی تار نظر آئے تو اس کے قریب جانے کے بجائے فوری طور پر متعلقہ ادارے یا ریسکیو 1122 کو اطلاع دی جائے تاکہ بروقت کارروائی کی جا سکے۔انہوں نے والدین سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو بارشوں کے دوران بجلی سے متعلق خطرات سے آگاہ کریں اور انہیں بجلی کے کھمبوں، سوئچ بورڈز، برقی آلات اور پانی میں موجود ممکنہ برقی خطرات سے دور رہنے کی ہدایت کریں، بچوں کی مناسب نگرانی اور احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد سے کئی حادثات کو روکا جا سکتا ہے۔انجینئر احتشام واہلہ نے کہا کہ مون سون کے دوران احتیاط، بروقت آگاہی اور ذمہ دارانہ طرزِ عمل ہی انسانی جانوں کے تحفظ کی ضمانت ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال، حادثے یا امداد کی ضرورت پیش آنے پر فوری طور پر ریسکیو 1122 کی ہیلپ لائن پر رابطہ کریں تاکہ بروقت امدادی کارروائی کو یقینی بنایا جا سکے۔

مزید خبریں